مدارس کا کردار محدود کرنے کیلئے عالمی ادارے دباؤ ڈالتے ہیں، مقابلے کرتے رہیں گے: فضل الرحمن

لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ خصوصی نامہ نگار) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ دینی مدارس اسلام کے عظیم الشان قلعے ہیں اور ان کا وجود تمام تر سازشوں کے باوجود قیامت کے دن تک قائم رہے گا۔ مدارس کے کردار کو محدود کرنے کے لیے عالمی ادارے ہمیشہ دباؤ ڈالتے رہتے ہیں لیکن ہر محاذ پر جے یو آئی نے ایسے دباؤ کا مقابلہ کیا اور کرتی رہے گی۔ یہ باتیں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے اسلام اباد روانگی سے قبل جامعہ اشرفیہ میں جامعہ کے سربراہ حضرت مولانا فضل الرحیم اشرفی کی بیمار پرسی کے موقع پر علماء سے اور جامعہ کے اساتذہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ مولانا فضل الرحمن کو مولانا فضل الرحیم نے سپریم کورٹ میں ختم نبوت کے حوالے سے بڑی کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور ان کے ذاتی کردار اور پارلیمنٹ میں جمعیت کے کردار کی تعریف کی۔ مولانا فضل الرحمن نے اس موقع پر کہا کہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ، دینی مدارس کے بقا کی جنگ، اسلام کے نفاذ کے لیے کوششیں اور وطن کے خلاف ہر سازش کا مقابلہ کرنا جمعیت علماء اور پاکستان کی عوام کے ذمہ داری ہے۔ ہم اس ذمہ داری کو انشاء اللہ پورا کریں گے۔ جامعہ اشرفیہ پہنچنے پر مولانا حافظ اسعد عبید، مولانا اویس حسن، مولانا سعد بن اسعد، مولانا حماد حسن اور مولانا مجیب الرحمن انقلابی  سمیت دیگر علماء و طلباء نے مولانا فضل الرحمن کا پرتپاک استقبال کیا۔ مولانا فضل الرحمن نے مولانا فضل الرحیم اشرفی کی عیادت کرتے کہا کہ یہ ملک و قوم کا عظیم اثاثہ ہیں۔ جامعہ اشرفیہ لاہور کی دینی و ملی خدمات اور یہاں کے علماء کی ہر دور میں دین کے لیے خدمات و راہنمائی قابل فخر ہے۔ مولانا فضل الرحمن سے جامعہ اشرفیہ لاہور کے نائب مہتمم  مولانا قاری ارشد عبید‘ شیخ الحدیث مولانا سیف الرحمن المہمند اور استاذ الحدیث مولانا فیاض الدین چترالی نے بھی ملاقات کی۔ بعد ازاں مولانا فضل الرحمن نے جامعہ اشرفیہ لاہور میں نماز مغرب پڑھائی جس میں طلباء و علماء سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان، مرکزی ترجمان  اسلم غوری، مولانا غضنفر عزیز، مولانا نصیر احمد احرار اور ملک کے معروف شاعر سید سلمان گیلانی سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ ادھر مولانا فضل الرحمان نے ناظم وفاق المدارس العربیہ پنجاب ممتاز عالم دین قاضی عبدالرشید کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے کہا کہ مرحوم کی وفات حسرت آیات سے دل غمزدہ  ہے۔ مرحوم بہترین مدرس‘ نکتہ داں خطیب‘ سلیقہ مند منتظم ہونے کے ساتھ متحرک‘ زیرک اور نڈر رہنما تھے۔ اﷲ کریم لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے بھی قاضی عبدالرشید کے انتقال پر دلی دکھ کا اظہار کیا۔

ای پیپر دی نیشن