غزہ+ واشنگٹن (این این آئی+ انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی فوج کے غزہ میں وحشیانہ حملوں کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 58 فلسطینی شہید ہوگئے۔ الجزیرہ عرب میڈیا کے مطابق غزہ جنگ میں شہداء کی تعداد اب 40 ہزار 500 سے تجاوز کر چکی ہے۔ مزید ایک فلسطینی صحافی کو نشانہ بنایا گیا جس میں فوٹو جرنلسٹ محمد ابد ربو اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں کارروائیاں کرتے ہوئے 9 فلسطینیوں کو شہید کردیا اور متعدد کو حراست میں لے لیا، اس دوران اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ جنگ بندی مذاکرات کا ایک اور دور قطر میں جاری ہے۔ اسرائیلی وفد آج دوحہ پہنچے گا۔ لبنان میں اسرائیل نے فوجی سازو سامان لے کر جانے والے ٹرک پر حملہ کیا۔ اسرائیلی فوج نے ایک اور یرغمالی کی بازیابی کا دعویٰ کیا ہے۔ نام میرالقاضی بتایا ہے۔ وائٹ ہائوس میں قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ ایرانی حملے کی صورت میں امریکا اسرائیل کے دفاع کا پابند رہے گا۔ ہمارا پہلے بھی یہی پیغام تھا اور اب بھی ہے ایران اسرائیل پر حملہ نہ کرے۔ اسرائیلی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کربی نے مزید کہا کہ حملے کے امکان کے حوالے سے کوئی پیش گوئی کرنا مشکل ہے تاہم وائٹ ہائوس ایران کے موقف کو سنجیدگی سے لے رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ وہ ابھی تک اچھی پوزیشن میں ہیں اور اگر انہوں نے ارادہ کر لیا تو وہ حملہ کرنے کے لیے تیار ہیں، اسی وجہ سے ہم نے خطے میں اپنی افواج میں اضافہ کر دیا ہے۔ اگر جنگ تک نوبت پہنچی تو ہم اسرائیل کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔
صحافی سمیت 58 فلسطینی شہید: اسرائیل کے دفاع پر تیار، ایران حملہ نہ کرے، امریکہ
Aug 29, 2024