بانی پی ٹی آئی کے سابق سکیورٹی انچارج کی بازیابی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست

اسلام آباد (وقائع نگار) بانی پی ٹی آئی کے سابق سکیورٹی انچارج عمر سلطان کی بازیابی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا گیا۔ عمر سلطان کے والد سلطان جاوید کی جانب سے دائر درخواست میں ریاست، سیکرٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد، ایس ایچ او تھانہ ایف 10 کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمر سلطان کو اسلام آباد پولیس کی جانب سے 26 اگست کو بغیر وارنٹ گرفتار کیا گیا۔ عمر سلطان کو اسلام آباد کے سیکٹر ایف 10 میں واقع پیٹرول پمپ کے قریب گرفتار کیا گیا۔ تھانے میں عمر سلطان کی بازیابی کیلئے درخواست دی مگر کوئی ایکشن نہ کیا گیا۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عمر سلطان کو عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔ عمر سلطان کے خلاف مقدمات، نظر بندی احکامات کے تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن