اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+خبر نگار خصوصی) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات نے ترامیم کے ساتھ صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کے تحفظ کیلئے کمشن کے قیام کا ترمیمی بل منظور کر لیا۔ اجلاس بیرسٹر علی ظفر کی زیر صدارت ہوا جس میں صحافی کی تعریف کا ایجنڈا زیر غور آیا۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ صحافی کی تعریف کیا ہو، یہ ہمارے لیے ایک مسئلہ ہے۔ کمیٹی نے صحافی کی تعریف پر متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی تجاویز پیر تک طلب کر لیں اور ہدایت کی کہ مشاورت کے بعد تجاویز کمیٹی کے پاس جمع کروائی جائیں۔ دوران اجلاس سینیٹر زرقا تیمور کے متعارف کردہ 'معلومات تک رسائی' کے ترمیمی بل پر غور کیا گیا۔ کمیٹی نے ایک ہفتے میں اس پر حتمی سفارشات طلب کر لیں۔ ہدایت کی گئی کہ سینیٹر زرقا تیمور، وزارت اطلاعات اور وزارت قانون مل کر سفارشات مرتب کریں گے۔ ہتک عزت کے قوانین ایجنڈے پر زیر غور آئے۔
صحافیوں، میڈیا پروفیشنلز کا تحفظ، کمشن بنانے کیلئے سینٹ کمیٹی میں ترمیمی بل منظور
Aug 29, 2024