اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) تھانہ کہوٹہ کے علاقے آزاد پتن روڈ پر گراری پل کوسٹر حادثے کے معاملے میں کوسٹر مالک محمد سفیر اور نیو سپر کمشیر اڈہ کے مینجر عبدالقدوس کو گرفتار کرلیا گیا۔ کہوٹہ پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کردیا جہاں عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا پر دونوں ملزمان کو تین روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔کوسٹر حادثے میں ڈرائیور عرفات اور کنڈیکٹر جواد اسرار سمیت تمام 26 سوار جاں بحق ہوئے تھے۔ کہوٹہ پولیس نے انکوائری کے بعد کوسٹر مالک محمد سفیر، نیو سپر کمشیر اڈہ پیرو دھائی کے مینجر عبدالقدوس اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے۔پولیس کے مطابق کوسٹر مالک اور مینجر پر فٹنس سرٹیفکیٹ اور روٹ پرمٹ نہ ہونے کے باوجود کوسٹر کو پہاڑی علاقے کے لیے ڈرائیور کے ذریعے روانہ کرنے کا الزام عائد ہے، دونوں ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔
کہوٹہ بس حادثہ، کوسٹر مالک اور بس اڈے کا مینجر گرفتار، عدالت نے ریمانڈ دیدیا
Aug 29, 2024