کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ بلوچستان سردار سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے بچوں کے تعلیمی اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ حکومت نوجوانوں کیلئے خصوصی اقدامات کررہی ہے، بلوچستان کے غریب اور مستحق بچوں کو میرٹ پر آگے لارہے ہیں ، بچے اور بچیاں بہترین تعلیم حاصل کرکے پاکستان اور بلوچستان کی خدمت کریں گے۔ نوجوانوں کو معاشرے کا مفید شہری بنانے کیلئے ہنر مند بنانا ہو گا،نوجوانوں پر سرمایہ کاری کیا ثرات مستقبل میں سامنے آئیں گے، 30 ہزار نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کر کے روزگار کیلئے بیرون ملک بھجوایا جائے گا۔ ہم نے اقلیتی طلبہ کیلئے بھی سکالرشپس کا اعلان کیا، آج کا ٹیلنٹ کل اس صوبے اور ملک کی خدمت کرے گا، ٹرانسجینڈرز کو فیملی اون نہیں کرتی، ٹرانسجینڈرز کی بہتری کیلئے بھی سکیمیں لائیں گے، شہداء نے ملک کی حفاظت کیلئے اپنا مقدس خون بہایا‘حکومت سے ناراضی قابل قبول ہے مگر ریاست سے ناراضی نہیں بنتی ‘ پاکستان نے بلوچ کوعزت ی ہے۔ آج ملک کاصدر بلوچ ہے اور کیا چاہتے ہیں‘مضبوط فوج کے ہوتے کوئی ملک ملک کوتوڑ نہیں سکتا۔ہماری بقاء پاکستان کیساتھ تھی اور رہے گی ۔بے روزگاروں کو آسان قرضے دینگے۔تقریب کے دوران لوڈشیڈنگ کے باعث بجلی بند ہوگئی۔