صدر زرداری نے ارشد ندیم کو ہلالِ امتیاز سے نواز دیا

Aug 29, 2024 | 16:28

ویب ڈیسک

اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے جیولین تھرو میں ملک کیلئے گولڈ میڈل جیت کر لانے والے ارشد ندیم کو ہلالِ امتیاز سے نواز دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے مایہ ناز ایتھلیٹ ارشد ندیم کو ہلالِ امتیاز دینے کیلئے تقریب ایوانِ صدر اسلام آباد میں ہوئی۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری کو جیولین تھرو میں گولڈ میڈل جیتنے پر ہلالِ امتیاز عطا کردیا۔

خیال رہے کہ نامور ایتھلیٹ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس 2024 میں ملک کیلئے 40سال بعد گولڈ میڈل جیت کر وطن کا نام روشن کردیا۔ ارشد ندیم نے جیولین تھرو کے عالمی مقابلے میں یہ اہم کارنامہ سرانجام دیا۔یہی نہیں بلکہ ملک کے مایہ ناز ایتھلیٹ ارشد ندیم نے 92اعشاریہ 97میٹر کے فاصلے پر جیولین تھرو پھینک کر عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔ ارشد ندیم نے یہ کارنامہ ملک کی آزادی کے مہینے اگست کے دوران سرانجام دیا تھا۔ارشد ندیم کی وطن واپسی پر انہیں وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے مختلف اعزازات اور انعامات سے نوازا گیا۔ ارشد ندیم کی جیولین تھرو پر ملک کی جانب سے اتنا والہانہ استقبال کسی بھی ایتھلیٹ کیلئے کسی اعزاز سے کم نہیں۔گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو حکومت پاکستان کی جانب سے ہلالِ امتیاز دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے ارشد ندیم کے لیے 15 کروڑ روپے کا اعلان کیا تھا، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 10 کروڑ روپے کا چیک دیا تھا، گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے بھی انعام کا اعلان کیا تھا۔

مزیدخبریں