اسلام آباد میں ڈینگی کیسز میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے، روان سیزن ڈینگی کے کیسز کی تعداد 29 ہو گئی ہے۔ڈینگی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں ڈینگی کے بڑھتے کیسز میں تشویشناک حد تک اضافہ ہورہا ہے، ڈینگی سے متاثر ہونے والے مریضوں میں 83 فیصد مرد اور 17 فیصد خواتین ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دیہی علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا جبکہ دیہی علاقوں میں ڈینگی کیسز کی مجموعی تعداد 21 ہو گئی۔ڈینگی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہری علاقوں میں ڈینگی سے ایک شخص متاثر ہوا جس کے بعد ڈینگی کیسز کی مجموعی تعداد 8 ہو گئی۔اسلام آباد کے علاوہ مختلف ڈسٹرکٹ سے ڈینگی کے 3 مریض رپورٹ ہوئے ہیں.پمز اسپتال میں ڈینگی کے 3 مریض جبکہ پولی کلینک اسپتال میں ایک مریض داخل ہے۔
مزید برآں کیپٹل اسپتال میں ڈینگی سے متاثرہ 3 مریض زیر علاج ہیں جبکہ اسلام آباد کے پرائیوٹ اسپتالوں میں 29 مریض لائے گئے.تاہم ڈینگی سے سب سے زیادہ متاثر دیہی علاقوں میں کورال، سوہان ہیں۔