ایف آئی اے نے تین انسانی اسمگلرز کو گرفتار کیا ہے جنہوں نے دوران دل دہلا دینے والے تفتیش ہولناک انکشافات کیے ہیں۔ ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے کارروائی کرتے ہوئے تین انسانی اسمگلروں کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار ملزمان میں سجاد حسین، خلیل احمد اور راشد علی شامل ہیں۔ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو گجرات اور گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا اور ان پر اغوا، انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ کے الزامات ہیں۔گرفتار انسانی اسمگلروں کے حوالے سے دل دہلا دینے والے ہولناک انکشافات سامنے آئے ہیں۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سجاد حسین عرف کالے خان نے ایک شہری کو ایران بھیج کر یرغمال بنا لیا تھا اور وہ دیگر ساتھیوں کی مدد سے شہری کی بازیابی کے لیے رقوم کا تقاضا کرتا رہا۔ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے شہری کی بازیاببی کے لیے 12 لاکھ روپے تاوان بھی وصول کیا جب کہ ملزم خلیل احمد نے شکایت کنندہ کے بیٹے کو یونان بھجوانے کے نام پر 7 لاکھ 80 ہزار روپے بٹورے۔ملزم راشد علی نے مدعی کے بھائی اور بھتیجے کو سعودی عرب بھجوانے کے نام پر مجموعی طور پر 8 لاکھ 65 ہزار روپے کی رقم بٹوری۔ایف آئی اے کے مطابق ملزمان پیسے وصول کرنے کے بعد روپوش ہوگئے تھے. جنہیں خفیہ اطلاع کے بعد گرفتار کیا گیا ہے۔