شاہین آفریدی بنگلہ دیش کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے ڈراپ

راولپنڈی: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی کو بنگلہ دیش کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی پلیئنگ الیون ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان اپنا دوسرا ٹیسٹ میچ 30 اگست سے 3ستمبر تک پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گا۔ پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگال ٹائیگرز نے پاکستانی شاہینز کو 10 وکٹس سے ہرادیا تھا۔ مہمان ٹیم نے 3 میچز کی سیریز میں 1 صفر کی برتری حاصل کرلی۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے شاہین شاہ آفریدی کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ سے ڈراپ کرنے کی تصدیق کردی۔ شاہین آفریدی پہلے ٹیسٹ کے بعد بیٹے کی پیدائش پر کراچی پہنچے تھے، انہوں نے راولپنڈی میں قومی اسکواڈ جوائن کرلیا۔تاہم شاہین شاہ آفریدی پلیئنگ الیون میں شامل نہیں ہوں گے۔ جیسن گلیسپی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ شاہین اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ وقت گزاریں، وہ ابھی باپ بنے ہیں۔ ان کے ساتھ اظہر محمود کام کررہے ہیں۔ شاہین آفریدی ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 تینوں قسم کی کرکٹ کھیلتے ہیں۔جیسن گلیسپی نے کہا کہ عامر جمال فٹنس ٹیسٹ کلیئر نہیں کرسکے جبکہ مسٹری اسپنر ابرار احمد کو 12 رکنی اسکواڈ میں کنڈیشنز دیکھتے ہوئے شامل کرلیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم نے 4فاسٹ بولرز کے ہمراہ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا تھا جو ناکام ثابت ہوا۔

ای پیپر دی نیشن