ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بائولر شینن گیبریل کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

پورٹ آف سپین۔29اگست (اے پی پی):ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بائولر شینن گیبریل نےاپنے 12 سالہ بین الاقوامی کرکٹ کیریئر کو خیر باد کہہ دیا۔36 سالہ شینن گیبریل نے اپنے 12 سالہ انٹرنیشنل کرکٹ کیریئرکے دوران 59 ٹیسٹ ،25 ون ڈے اور 2 ٹی ٹونٹی میچز میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کی۔شینن گیبریل نے اپنے انسٹاگرام پیج پر لکھا کہ گزشتہ 12 سالوں کے دوران، میں نے خود کو ویسٹ انڈیز کے لیے بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کے لیے وقف کیا ۔اس پیارے کھیل کو اعلیٰ سطح پر کھیلنے سے مجھے بے پناہ خوشی ملی ہے، لیکن جیسا کہ کہاوت ہے، تمام اچھی چیزوں کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ویسٹ انڈیز کے شینن گیبریل نے اپنے 12 سالہ کرکٹ کیریئر کے دوران ٹوٹل 86 میچز کھیلے جن میں 59 ٹیسٹ فارمیٹ کے میچز ہیں ۔انہوں نے 2012 کے لارڈز ٹیسٹ میں اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور ٹیسٹ فارمیٹ میں 32.21 کی اوسط سے 166 وکٹیں حاصل کیں جن میں پانچ وکٹیں چھ مرتبہ حاصل کیں۔ انہوں نے اپنا آخری ٹیسٹ گزشتہ سال پورٹ آف سپین میں بھارتی ٹیم کے خلاف کھیلا تھا۔گیبریل نے لکھا کہ میں اپنے خاندان اور مجھے ویسٹ انڈیز کے لیے کھیلنے کے دوران ملنے والی بے شمار نعمتوں اور محبتوں کے لیے خدا کا شکر ادا کرنا چاہوں گا۔اس کے علاوہ میں کرکٹ ویسٹ انڈیز کے منتظمین، کوچز اور عملے کے اراکین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ شینن گیبریل نے آخری بار جولائی 2023 میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کی تھی. لیکن تب سے وہ ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو کے لیے کھیلتے ہوئے ڈومیسٹک کرکٹ میں ایکشن میں ہیں ۔ گزشتہ سال وہ ابوظہبی ٹی 10 کا بھی حصہ تھے۔

ای پیپر دی نیشن