لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش، پہاڑوں پر برفباری، سردی سے ایک شخص جاں بحق

لاہور+ اسلام آباد+ کوئٹہ (سٹی رپورٹر + سپیشل رپورٹ + نمائندگان + نوائے وقت رپورٹ + نامہ نگار خصوصی) لاہور، اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں بارش سے سردی کی شدت بڑھ گئی، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری کے بعد موسم مزید سرد ہو گیا ہے جبکہ شدید سردی کے باعث شکرگڑھ میں ٹھٹھرکر ایک شخص دم توڑ گیا۔ بالائی علاقوں میں برف باری، میدانی علاقوں میں بارش اور ذیلی علاقے یخ بستہ ہواو¿ں کی لپیٹ میں ہیں۔ گزشتہ صبح چلاس، چترال سمیت بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی۔ مری ایکسپریس وے سمیت بعض معروف شاہراہوں جن میں مری کشمیر ہائی وے اور لاتعداد سڑکیں ٹریفک کیلئے بند رہیں جبکہ گلیات میں سیاحوں کی بڑی تعداد پھنس کر رہ گئی اور لوگوں نے راستے نہ کھلنے پر مجبور ہو کر رات اپنی گاڑیوں میں گزاری، مری اور اس کے مضافاتی علاقوں میں گھنٹوں بجلی غائب رہی ایکسپریس وے بند ہونے سے کئی گاڑیاں پھنس گئیں۔ گزشتہ روز ملک میں کم سے کم درجہ حرارت سکردو میں منفی دس اور پارہ چنار میں منفی نو سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ملکہ کوہسار مری میں پارہ نقطہ انجماد پر ہے۔ قلات میں درجہ حرارت منفی ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا۔ کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی ایک، گلگت منفی دو، اسلام آباد میں درجہ حرارت تین اور پشاور، لاہور میں پانچ سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔کوئٹہ میں برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ شکرگڑھ سے نامہ نگار کے مطابق سردی اور دھند کی شدت سے ٹھٹھر کر ایک نامعلوم 35 سالہ نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ کراچی سے خصوصی رپورٹر کے مطابق کراچی میں بھی سردی کی شدت بڑھ گئی، علاوہ ازیں مری میں برفباری کے باعث مال روڈ سے بانسرہ گلی تک کی ٹریفک کئی گھنٹے تک بلاک رہی۔ نجی ٹی وی کے مطابق سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں جبکہ عورتیں اور بچے بھی گاڑیوں میں محصور ہو کر رہ گئے۔ اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ سیاح طوفانی برفباری کی وجہ سے 5 بجے تک مری نہ آئیں۔ علاوہ ازیں محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پشاور، مالاکنڈ، ہزارہ، کوہاٹ، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن اور کشمیر گلگت میں کہیں کہیں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ بلوچستان سمیت ملک کے بیشتر علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں رہیں گے۔علاوہ ازیں ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق شدید برفباری کے باعث مری جانے والوں کے لئے ایکسپریس وے بند کر دی گئی تاہم مری سے واپس آنے والوں کے لئے ایکسپریس وے کھلی رہے گی، شدید برفباری کے باعث لوئر ٹوپہ میں بھی 500 سے زائد گاڑیاں پھنس گئیں۔ 

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...