بروقت الیکشن ضروری ہیں‘ طاہر القادری تیز نہ چلیں‘ قوم کو ساتھ لیں: حافظ سعید

Dec 29, 2012

لاہور (نوائے وقت نیوز + خصوصی نامہ نگار) جماعة الدعوة کے سربراہ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ ملک میں الیکشن وقت پر ہونے چاہئیں۔ طاہرالقادری زیادہ تیز نہ چلیں، قوم کو ساتھ لیکر چلیں۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ائر پورٹ پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے حافظ محمد سعید نے کہا کہ پاکستان کی بدقسمتی ہے کہ اس کی قسمت کے فیصلے ملک کے اندر نہیں باہر ہوتے ہیں۔ پاکستان کو غیر ملکی مداخلت سے نجات دلانے کے لئے وسیع تر اتحاد بنانا ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی مسائل کی زد میں ہے اور غیر ملکی مداخلت کی آماجگاہ بن چکاہے۔ ملکی مسائل کے حل کے لئے وقت پر الیکشن ضروری ہیں۔ علاوہ ازیں جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ میں انہوں نے کہا کہ بھارت کو پسندیدہ ترین ملک قرار دینے والے حکمران خطہ میں بھارتی بالادستی قائم کرنے کے امریکی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، جس ہندو بنئے سے دشمنی کی بنیاد پر پاکستان بنایا گیا تھا اب اسی سے دوستی کیلئے ملک کو تباہی کے راستہ پر ڈالا جارہا ہے، کراچی میں قتل و غارت گری، سندھ اور سرحد میں دہشت گردی و تخریب کاری کی وارداتوں میں بیرونی قوتیں ملوث ہیں۔ چاروں طرف سے پاکستان مسائل میں گھرا ہوا ہے، نوجوان نسل کے دین اسلام سے رشتے کمزور کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں، بیرونی قوتوں سے زیادہ پاکستان کو درپیش ان اندرونی فتنوں سے خطرہ ہے جو ہر وقت ملک و قوم کو بھارت و امریکہ کی غلامی میں دھکیلنے کیلئے تیاررہتے ہیں۔ ڈرون طیارے پاکستان کی سرزمین سے اڑتے ہیں اور بے گناہ پاکستانیوں کا ہی خون بہا رہے ہیں۔ نئے دور اور نئے حالات کے تقاضوں کے مطابق انڈیا سے دوستی کی پالیسیاں ترتیب دینی چاہئیں، ہم بھی کہتے ہیں کہ اب نیا دورہے، لیکن ہمارا موقف یہ ہے کہ چالیس ملکوں کی فوجوں کے ساتھ افغانستان پر حملہ کرنے والا امریکہ اللہ کے فضل و کرم سے شکست کھاچکا ہے، اس لئے جس دین اسلام اور مسلمانوں کی قربانیوں و شہادتوں کی وجہ سے امریکہ کو شکست ہوئی ہے اس نظام کو پاکستان میں نافذ کیا جائے اوروہی راستہ اختیار کیا جائے جس سے اللہ تعالیٰ مسلمانوں کو کامیابیوں سے نواز رہاہے۔ امریکیوں کو نیوورلڈ آرڈر اور سرمایہ دارانہ نظام بکھرتا ہوا برداشت نہیں ہو رہا۔ مسلمانوں کو قیادت امریکہ سے نہیں نبی مکرم کے منبر اور مصلے سے ملتی ہے۔

مزیدخبریں