لاہور (خصوصی نامہ نگار) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل طارق محبوب نے کہا ہے کہ چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کی ہدایت پر سنی اتحاد کونسل 31دسمبر کی رات کو’’شبِ دُعا‘‘ کے طور پر منائے گی۔ اس موقع پر قیام امن، ملکی ترقی و استحکام اور نظامِ مصطفی کے نفاذ کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی اور نوافل کا اہتمام کیا جائے گا۔ علماء نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت نیوائیر نائٹ کے نام پر ہونے والے اخلاق سوز پروگراموں پر پابندی لگائے۔ سنی اتحاد کونسل کے علماء نے عوام سے اپیل کی ہے کہ نئے سال کا آغاز رقص و سرود کی بجائے دعائوں اور نوافل سے کریں۔