مسئلہ کشمیر کے بغیر بھارت سے بہتر تعلقات ناممکن ہیں

مسئلہ کشمیر کے بغیر بھارت سے بہتر تعلقات ناممکن ہیں

Dec 29, 2013

اداریہ

وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت آزاد اور خود مختار پالیسی کی طرف گامزن ہے۔قومی احساسات و جذبات کے مطابق ملکی مفادات کا تحفظ کرناجانتے ہیں۔ موجودہ حالات میں کوئی ملک تنہا نہیں رہ سکتا۔ امریکہ بھارت سے برابری کے خوشگوار تعلقات چاہتے ہیں۔
وزیراعظم میاں نواز شریف نے اقتدار سنبھالتے ہی بھارت کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھا کر محبت کی پینگیں چڑھانا شروع کردی تھیں حالانکہ قوم نے انہیں بھارت سے شیر و شکر ہونے کیلئے اقتدار نہیں سونپا تھا بلکہ بھارت سے کشمیر سمیت تمام تنازعات حل کرنے کیلئے انہیںایوان اقتدار پہنچایا تھا۔میاں نواز شریف تو بھارت پر اسقدر واری جارہے ہیں کہ انہوں نے الحمرا ہال میں ادبی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کیساتھ ویزہ ختم کرنیکی خواہش کا اظہار بھی کیا تھا جبکہ ہمیں بھارت کیساتھ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر کوئی کام نہیں کرناچاہئے۔بھارت اگر مسئلہ کشمیر کے حل کی جانب نہیں بڑھتا تو اسکے ساتھ کسی قسم کے تعلقات قائم کرنیکی کوشش نہیں کرنی چاہئے کیونکہ قائداعظم کے فرمان کے مطابق کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور جب تک ہم شہ رگ کو آزاد نہیںکروا لیتے تب تک کسی قسم کی تجارت کی ضرورت ہے نہ ہی کوئی بہتر تعلقات قائم کرنیکی کوشش کرنی چاہئے بھارت نے پہلے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ جما رکھا ہے اوراب بے گناہ کشمیریوں کو تشدد کے ذریعے اپنا ہمنوا بنانے کی کوشش کررہاہے۔ گزشتہ روز بھارت مخالف مظاہروں میں پولیس نے وحشیانہ تشدد کرکے متعدد افراد کو زخمی کیا جبکہ 30 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کرلیا گیا جس کیخلاف حریت کانفرنس نے 6جنوری کو مکمل ہڑتال کی کال دیدی ہے۔بھارتی کا تشدد کا سلسلہ گزشتہ 65 سالوںسے جاری ہے لیکن کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی میں کوئی کمی نہیں آئی۔اب بھارت ایک طرف ہماری شہ رگ پر قبضہ کرکے وہاں کے شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنارہا ہے جبکہ دوسری طرف ہمارا پانی بند کرکے ہمارے ملک کو صحرا بنانے پر تُلا ہوا ہے اور وہ ڈیم پر ڈیم بنا رہا ہے لیکن ہم ابھی تک کالا باغ ڈیم نہیں بناسکے۔ وزیراعظم میاں نواز شریف پہلے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے سنجیدہ کوششیں کریں اگر مسئلہ کشمیر حل ہوجائے تو باقی چھوٹے چھوٹے تنازعات اسکے ضمن میں حل ہوجائینگے ۔بھارت سے برابری کے ساتھ تعلقات مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر ناممکن ہیں۔

مزیدخبریں