لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے کالاباغ ڈیم کو ملک کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے غربت، بھوک و افلاس سے بچنے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے کالاباغ ڈیم تعمیر کرنا ہی ہوگا اس سے نہ صرف ڈیڑھ روپے فی کلوواٹ کی لاگت پر بجلی پیدا کی جاسکے گی جس سے سالانہ تین سو ارب روپے کی بچت ہوگی۔ آئل امپورٹ بل کم ہوگا، زرمبادلہ کے ذخائر بڑھیں گے اور روپے کی قدر مستحکم ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے لاہور چیمبر میں کالاباغ ڈیم پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام لاہور چیمبر اور سندھ طاس واٹر کونسل نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر کاشف انور، چیئرمین سندھ طاس واٹر کونسل محمد سلیمان خان، خیبر پی کے کے ایڈووکیٹ نثار صفدر، کرنل عبدالرزاق بگتی، انجینئر سعید اقبال بھٹی، چیئرمین تحریک کالاباغ ڈیم میجر صدیق ریحان اور انجینئر ملک محمد طفیل نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ سہیل لاشاری نے کہا ڈیم سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے میں مدد ملے گی جبکہ صنعتی پیداوار میں سالانہ پانچ سے چھ ارب ڈالر اضافہ ہوگا۔ اس سے زرعی شعبے کی ویلیوایڈیشن بھی سالانہ دس ارب ڈالر بڑھ جائے گی۔ نوشہرہ کو کوئی خطرہ نہیں یہ ڈیم سے 150فٹ بلند ہے۔ اس ڈیم سے صرف پنجاب کو نہیں بلکہ تمام صوبوں کو یکساں فائدہ ہوگا۔ خیبر پی کے کی آٹھ لاکھ ایکڑ سے زائد زمین بھی سیراب کی جاسکے گی۔کالاباغ ڈیم کے معاملے پر تمام سٹیک ہولڈرز کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے کیونکہ ہر سال 30ملین ایکڑ فٹ پانی سمندر میں گر کر ضائع ہوجاتا ہے۔ کالاباغ ڈیم کی مدد سے سیلابوں پر بھی قابو پایا جاسکے گا۔ نائب صدر کاشف انور نے کہا کالاباغ ڈیم پر تنازعات کی وجہ سے ملک کو بھاری نقصان پہنچ رہا ہے۔ علاوہ ازیں سہیل لاشاری نے کہا ہے کالا باغ ڈیم کی فوری تعمیر ملک کی اہم ضرورت ہے۔ اس سے نہ صرف سستی بجلی حاصل ہو گی اور ملکی صنعت کا پہیہ چلے گا بلکہ دس لاکھ افراد کو روزگار بھی ملے گا اور ڈھائی کروڑ ایکڑ زمین بھی سیراب ہو گی۔ وہ وفاقی اور صوبائی حکومت سے ملیں گے اور صوبوں میں اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے فوری کمیٹی کی تشکیل پر بھی زور دیں گے۔خیبر پی کے کے صنعتکار ثنا صفدر کا کہنا تھا اگر کالاباغ ڈیم فوری طور پر تعمیر نہ کیا گیا تو ہم لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس جائیں گے۔سندھ طاس کونسل کے چیئرمین محمد سلمان نے کہا جب پنجاب اسمبلی میں کالا باغ ڈیم کی تعمیر کی قرارداد پیش کی گئی تو ہم نے اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید اور جماعت اسلامی کے رکن اسمبلی ڈاکٹر وسیم اختر کو اس حوالے سے تمام تفصیلات سے آگاہ کیا۔
لاہور چیمبر آف کامرس
کالاباغ ڈیم کی فوری تعمیر ملک کی اہم ضرورت ہے: لاہور چیمبر آف کامرس
کالاباغ ڈیم کی فوری تعمیر ملک کی اہم ضرورت ہے: لاہور چیمبر آف کامرس
Dec 29, 2013