مسلم لیگ (ن) اصولی سیاست کرتی ہے ‘ عمران کی مانیں تو دنیا میں تنہا رہ جائیں گے : پرویز رشید

مسلم لیگ (ن) اصولی سیاست کرتی ہے ‘ عمران کی مانیں تو دنیا میں تنہا رہ جائیں گے : پرویز رشید

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اصولی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور اصولی سیاست کرتی ہے، ہم اصولی سیاست نہ کرتے تو صوبہ خیبر پی کے اور آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہوتی۔ ایک بیان میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان ایک طرف امریکہ سے امداد لیتے ہیں اور دوسری طرف اسکے خلاف دھرنے دیتے ہیں، عمران خان کی مانیں تو دنیا میں تنہا رہ جائیں۔ اصولی سیاست کا دعویٰ کرنیوالے کپتان اپنے پارٹی رہنما اعظم سواتی سے کہیں کہ وہ اپنا کاروبار پاکستان منتقل کریں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ ستم ظریفی ہے کہ امریکی صدر بش کی انتخابی مہم چلانے والے اعظم سواتی اب امریکہ سے لڑیں گے اور بش کے حمایتی امریکہ پلٹ اعظم سواتی اب بلدیاتی الیکشن میں عمران خان کی انتخابی مہم چلائیں گے۔علاوہ ازیں پرویز رشید نے وزیراعظم کے اثاثوں میں غیر معمولی اضافے کے تاثر کو غلط قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اثاثوں کی مالیت اور موجودہ قدر کے حوالے سے ابہام پیدا کیا جا رہا ہے۔ امیر جماعت اسلامی منور حسن کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ منور حسن کو انکے پارٹی کے ساتھیوں کی طرف سے غلط مشورہ دیا گیا ہے جو امیر جماعت اسلامی کے مبہم بیانات کا سبب ہے۔
وزیر اطلاعات

ای پیپر دی نیشن