ماسکو (اے این این) کلاشنکوف رائفل کے موجد میخائل کلاشنکوف کو دنیا میں بے پناہ مقبولیت حاصل کرنے والے انہی کے بنائے ہتھیار کلاشنکوف اے کے 47 رائفلوں کے ہوائی فائر سے سلامی دیئے جانے کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا۔ انہیں روس کے دارالحکومت ماسکو کے نواح میں میٹشچی نامی علاقے میں فیڈرل ملٹری میموریل قبرستان میں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا جو قومی ہیروز کی یادگاروں کیلئے بطور خاص تعمیر کیا گیا ہے۔ روسی ہیرو کی آخری رسوم میں روسی صدر ولادی میر پوٹن، وزیردفاع سرگئی شوئیگو اور کریملن کے چیف آف سٹاف سرگئی ایفانوف نے بھی شرکت کی۔ صدر پوٹن نے تدفین سے قبل کلاشنکوف کی میت پر پھول رکھے اور غمگین ورثاء سے مصافحہ کیا۔ انہیں قبرستان کے اس گوشے میں دفنایا گیا جو روس کے لئے غیر معمولی خدمات انجام دینے والوں کیلئے مخصوص ہے۔ 60 ہزار سے زائدافراد نے ان کا آخری دیدار کیا۔ نائب وزیر دفاع آرکیڈی باخن نے کہا کہ آج ہم ایک ایسی شخصیت کو الوداع کہہ رہے ہیں جو روس کیلئے فخر کی علامت تھی۔ کلاشنکوف کی بیٹی ایلینا نے کہا کہ اس کے والد نے اپنی زندگی ملک کی بھلائی کیلئے وقف کر دی تھی۔
روس‘ کلاشنکوف کے موجد میخائل کلاشنکوف غیر معمولی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک
Dec 29, 2013