اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے اور پہلے 6 ماہ میں نمایاں کامیابیاں ملی ہیں۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے زیر استعمال اسلحہ اور لاکھوں گولیاں برآمد کی گئیں۔ شمالی وزیرستان سے اب تک ایک لاکھ 25 ہزار کلو بارودی مواد قبضے میںلیا گیا۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے زیر استعمال 186 بارودی سرنگیں، 5898 رائفلیں اور تقریباً 13 لاکھ گولیاں قبضے میں لی گئیں۔ دو ہزار سے زائد سب مشین گنوں سمیت 104 اقسام کا اسلحہ برآمد کیا گیا۔ جون سے دسمبر تک 314 راکٹ لانچر اور 4901 راکٹ قبضے میں لئے گئے۔ سکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں 4391 مارٹر بھی برآمد کئے۔آپریشن کے دوران شمالی وزیرستان سے 3321 ہینڈ گرینیڈ اور 4808 آئی ای ڈیز برآمد ہوئیں۔ 6 ماہ میں 33 آئی ای ڈی فیکٹریاں، 5 راکٹ بنانے والی فیکٹریاں تباہ کی گئیں۔ اسلحہ اور گولہ بارود بنانے کی سات فیکٹریاں بھی تباہ کی گئیں۔ دہشت گردوں کی بنائی گئی 9 جیلیں بھی تباہ کردی گئیں۔