پشاور، لاہور (آئی این پی + این این آئی) پشاور میں انسداد پولیو مہم میں سات لاکھ بچوں کو بیماری سے بچاؤ کے قطرے دینے کا ہدف مقررکیا گیا،97 یونین کونسلز میں گھر گھر جا کر پولیو سے بچاؤ کے قطرے دینے کی ایک روزہ مہم مکمل کی گئی، مہم کے لئے 4400 ٹیمیں تشکیل دی گئی، موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی، سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ اتوار کو پشاور کی 97 یونین کونسلز میں گھر گھر جا کر پولیو سے بچاؤ کے قطرے دینے کی ایک روزہ مہم مکمل کی گئی۔ اس مہم میں سات لاکھ 54 ہزار بچوں کو اس وائرس کے حملے سے بچاؤ کے قطرے دینے کا ہدف رکھا گیا تھا۔ ویکسین کے قطرے پینے سے رہ جانے والے بچوں کو آئندہ دو سے تین روز تک یہ قطرے دیے جانے کی مہم جاری رہے گی۔حکام کا کہنا ہے انکاری بچوں کے والدین میں پہلے کی نسبت کمی آئی ہے۔ دوسری طرف پنجاب کے نو اضلاع میں تین روز انسداد پولیو مہم آج سے شرع ہو گی، تین روز تک جاری رہنے والی پولیو مہم کیلئے سکیورٹی فراہم کر دی گئی اور ہر ضلع میں پولیس کے زیر نگرانی پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ انسداد پولیو مہم کا آغاز 29 دسمبر کو ہوگا۔ وزارت داخلہ کے مطابق موبائل پٹرولنگ ٹیموں سمیت 20 ہزار اہلکار پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیموں کی حفاظت کرینگے۔ ہر پولیو ٹیم کے ساتھ پولیس اہلکار تعینات ہونگے، متعلقہ تھانے کو بھی اطلاع دی جائے گی۔ حساس یونین کونسلز میں پولیس موبائل پٹرولنگ بھی جاری رہے گی۔ لاہور، راولپنڈی، ڈیرہ غازی خان، میانوالی، ملتان، مظفرگڑھ، راجن پور، رحیم یار خان اور شیخوپورہ میں 58 لاکھ 96 ہزار 940 بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے جس کیلئے 2800 پولیو ٹیمیں فرائض سرانجام دیں گی۔
پشاور میں انسداد پولیو مہم کا آغاز، پنجاب کے 9 اضلاع میں آج سے شروع
Dec 29, 2014