تمام سینئر کرکٹرز کیلئے پٹینگولر کپ میں شرکت لازمی قرار دینے کا فیصلہ

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے 31 دسمبر سے شروع ہونے والے پٹینگولر کپ ٹورنامنٹ سے رخصت لینے والے تمام سینئر کھلاڑیوں کو ورلڈ کپ سے پہلے ہونے والے ٹورنامنٹ میں شرکت کو لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں کھلاڑیوں کو باقاعدہ اطلاعات جاری کر دی گئی ہیں۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق آف سپن باولر سعید اجمل کی میگا ایونٹ کے لیے شرکت مشکوک ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے لہذا بدھ 31 دسمبر سے کراچی میں شروع ہونے والے ٹورنامنٹ میں سینئر سمیت نوجوان کھلاڑیوں کو شریک ہونے کی ہدایت کی گئی ہے تاہم انجری مسائل سے دوچار کھلاڑی اپنی فٹنس پر توجہ دے سکیں گے۔ گذشتہ دنوں پاکستان کرکٹ ٹیم کے 7 سے 9 کھلاڑیوں نے چیئرمین پی سی بی شہریار خان کی ہمدردی حاصل کرتے ہوئے پٹینگولر کپ ون ڈے ٹورنامنٹ سے عدم شرکت کی اجازت لی تھی۔ سینئر کھلاڑیوں کی عدم شرکت کے بعد پٹینگولر کپ ٹورنامنٹ کے سپانسرز کی جانب سے بھی مایوسی سامنے آئی تھی جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک مرتبہ پھر سینئر کھلاڑیوں کو کراچی کے ٹورنامنٹ میں شرکت کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے تاہم سینئر کھلاڑی ٹورنامنٹ میں شرکت کی بجائے آرام کرنے کو ترجیح دینا چاہتے ہیں۔


ای پیپر دی نیشن