اسلام آباد (بی بی سی اردو) اسلام آباد میں قائم لال مسجد کے مولانا عبدالعزیز کو ایک مقامی عدالت نے اشتہاری قرار دیدیا ہے۔ یہ بات بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اسلام آباد پولیس کے ایک اہلکار نے نام نہ بتانے کی شرط پر ظاہر کی ہے۔ اسلام آباد پولیس کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ مولانا عبدالعزیز کوایف آئی آر نمبر F569/14 کے تحت 506 ضمن 2 کے جرم میں اشتہاری قرار دیا گیا ہے۔ مولانا عبدالعزیز پر جان سے مار دینے کی دھمکی دینے کا الزام ہے، تاہم انکی گرفتار سے متعلق کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔ دوسری طرف چند دن پہلے ہی پاکستان کے وزیر داخلہ چودھری نثار نے پارلیمنٹ میں ایک بیان میں کہا تھا کہ ’مولانا عبدالعزیز نے جو ماضی میں کیا اس پر سپریم کورٹ نوٹس لے چکی ہے اور اب بھی اگر پولیس انہیں گرفتار کر بھی لے تو وہ کتنی دیر عدالتوں کے پاس رہیں گے؟ ان پر تو کوئی مقدمہ نہیں ہے۔تاہم اسلام آباد پولیس کے مطابق اس مقدمہ میں انہیں اشتہاری قرار دیا گیا ہے اور اس کے مدعی سماجی کارکن سید نعیم اختر بخاری ہیں۔ باوثوق پولیس ذرائع کے مطابق علاقہ آبپارہ کے سول جج نے گذشتہ مہینے مولانا عبدالعزیز کو اشتہاری قرار دیا ہے۔