لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان سینئر ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ حنیف خان نے کہا کہ پہلی ترجیح اگلے سال ہونے والے اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے ایک بہترین ٹیم کو تشکیل دینا ہے۔ قومی کھلاڑی شکستوں کے بوجھ تلے دبے ہیں جن کی ’’مینٹل تھراپی‘‘ کر کے ان میں اعتماد بحال کیا جائے گا کہ آپ لوگ جیت سکتے ہو۔ نوائے وقت کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جونیئر کھلاڑیوں کو ابھی سینئر ٹیم میں نہیں لیا جائے گا جس کی وجہ ہے کہ جونیئر ٹیم نے 2016ء میں جونیئر ورلڈ کپ کھیلنا ہے۔ طاہر زمان کی زیر نگرانی انہیں ورلڈ کپ کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔ سینئر ٹیم میں اگر انہیں شامل کیا جائے گا تو مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط ٹیم بنانے کے لیے کراچی میں جاری نیشنل چیمپئن شپ سے نیا ٹیلنٹ تلاش کر کے انہیں کیمپ میں بلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ٹیم کی جیت کا دارومدار گول کیپنگ کے شعبہ پر ہوتا ہے میری کوشش ہوگی کہ فیڈریشن سے بات کر کے احمد عالم کو اپنا معاون کوچ رکھوں۔ احمد عالم ایک محنتی اور سمجھدار گول کیپر کوچ ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینئر کھلاڑی شکستوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے ان کی کارکردگی میں تسلسل نہیں آ رہا ہے میری کوشش ہوگی کہ ان کا اعتماد بحال کر کے انہیں بتایا جائے کہ وہ جیت سکتے ہیں۔ ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے ضرورت اسے سامنے لانے کی ہے۔
اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ پہلی ترجیح ہے، بہترین ٹیم تشکیل دیں گے : حنیف خان
Dec 29, 2015