کراچی(صباح نیوز) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 67 افراد کے قتل کے الزام میں گرفتار ایم کیو ایم کے سیکٹر انچارج ریحان عرف بہاری کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا جبکہ عدالت نے کالعدم تنظیم کے دو دہشت گردوں کا ریمانڈ بھی منظور کر لیا۔ 90 روزہ نظر بندی مکمل ہونے کے بعد پولیس نے ایم کیو ایم سرجانی سیکٹر انچارج ریحان عرف بہاری کو عدالت میں پیش کیا۔ دوسری جانب عدالت نے ایم کیو ایم کے کارکن نور حسن، پاسبان کے جنرل سیکرٹری عثمان معظم اور اسکے بیٹے محمد صدیقی سمیت القاعدہ کے عبیدالرحمان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کردی جبکہ سانحہ صفورا کے سہولت کار اور دہشت گرد گروہوں کی مالی معاونت کے الزام میں گرفتار ملزم شیبا احمد کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔