کراچی (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) پیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی میں خورشید شاہ کو ہی اپوزیشن لیڈر برقرار رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔ پارٹی رہنما منظور وٹو نے کہا ہے سی ای سی میں آصف زرداری نے واضح کردیا تھا خورشید شاہ کی کرسی کو خطرہ نہیں، نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے سابق صدر منظور وٹو نے کہا کہ یکم جنوری سے لانگ مارچ کی تیاری شروع اور بلاول کی لاہور آمد کے بعد اسے عملی شکل دی جائیگی۔ ترجمان بلاول ہاؤس نے بھی کہا ہے کہ خورشید شاہ ہی اپوزیشن لیڈر رہیں گے۔ ان کی تبدیلی کے حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ جبکہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خود پراعتماد کرنے پر پارٹی چیئرمین کے شکرگزار ہیں، لیکن بلاول بھٹوزرداری کی اسمبلی میں آمد کے بعد انہیں کو اپوزیشن لیڈر دیکھنا چاہتے ہیں۔ کارکن کی حیثیت سے پارٹی چیئرمین کے ساتھ چلوں گا۔ میں نے جو سیاست سیکھی ہے وہ یہ ہے کہ کبھی لیڈر سے آگے نہیں جانا چاہئے۔ لیڈر کے پیچھے رہنا چاہئے۔بلاول بھٹو میرے لیڈر ہیں میں انہیں لیڈر مانتا ہوں مجھے ان کے پیچھے رہنا چاہئے۔ بلاول غریب عوام کی امید ہیں سیاست میں اتار چڑھائو آتا رہتا ہے۔ پیپلز پارٹی کے متعلق غلط افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔ پارلیمنٹ میں آنے سے بلاول کو پارلیمانی سیاست کا تجربہ ہوگا۔