اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس‘ 2 لاکھ 25 ہزار میٹرک ٹن فالتو چینی برآمد کرنے کی اجازت

اسلام آباد ( نوائے وقت رپورٹ+آئی این پی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے نان فائلرز کیلئے ود ہولڈنگ ٹیکس کی رعایتی شرح0.4فیصد کو یکم جنوری2017 تک توسیع دینے کا فیصلہ کرلیا۔ ای سی سی نے 225,000 میٹرک ٹن سر پلس چینی کی برآمد کی اجازت دے دی۔ بدھ کو وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ ای سی سی نے وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کی تجویز پر حبیب راہی لائمز سٹون (ایچ آر ایل) کے ذخیرہ سے دستیاب 50ایم ایم سی ایف ڈی اضافی گیس گڈو تھرمل پاور سٹیشن کو مختص کرنے کی منظوری دیدی جبکہ اس سے 26ایم ایم سی ایف ڈی گیس اینگروفرٹیلائزر کمپنی کو مختص کرنے کی منظوری دیدی۔ ای سی سی نے ایف بی آر کی تجویز پرنان فائلرز کیلئے ود ہولڈنگ ٹیکس کی رعائتی شرح0.4فیصد کی یکم جنوری2017 تک توسیع دینے کا فیصلہ کیا۔ وزارت خزانہ کی تجویز پر ای سی سی نے سٹیٹ بنک کے ذمہ زرعی ترقیاتی بنک کو شئیرجاری کرنے کیلئے اور قرض کو واپسی کیلئے 54.46ارب کی گارنٹی کی منظوری دے دی۔ سٹیٹ بنک 7.5فیصد سالانہ منافع پر 10سال کیلئے زرعی ترقیاتی بنک کوشئیرز جاری کریگا۔ ای سی سی نے 225,000 میٹرک ٹن سر پلس چینی کی برآمد کی اجازت دے دی۔ برآمد کے باوجود 1.2ملین میٹرک ٹن اضافی چینی ملک میں دستیاب ہو گی۔ ای سی سی نے فیصلہ کیا کہ وزارت تجارت ملک کی مقامی مارکیٹ میں موجودہ قیمیتوں میں استحکام کو یقینی بنائے کیلئے ضروری چیک انیڈ بیلنس رکھے گی۔ قیمتوں میں عدم استحکام کی صورت میں وزارت تجارت چینی کی برآمد کو منسوخ کرنے کیلئے سمری پیش کریگی۔ ای سی سی نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ گزشتہ سال کی طرح چینی ایکسپورٹرز کو ٹیکس ریبیٹ نہیں دیا جا ئیگا۔ صرف ان ملز کو چینی کی ایکسپورٹ کی اجازت ہو گی جو کسانوں کو بقایا جات ادا کر چکے ہیں۔دریں اثناء وفاقی وزیر خزانہ سنیٹر اسحاق ڈار کی زیرصدارت آزاد کشمیر کے بجٹ 2016-17ء کیلئے آزاد جموں کشمیر کونسل کی تجاویز کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد ہوا۔ سیکرٹری خزانہ نے آزاد کشمیر حکومت کی بجٹ تجاویز کے بارے میں وزیر خزانہ کو بریفنگ دی اور انہیں آزاد جموں کشمیر کلئے مالی سال 2015-16ء اور 2016-17ء بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نے ہمیشہ آزاد کشمیر کی فلاح و بہبود کی ضروریات کو ترجیح دی۔ وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کی کامیاب اور بروقت عملدرآمد کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔

ای پیپر دی نیشن