چکوٹھی (آئی این پی) سرینگر، مظفر آباد دو طرفہ تجارت جاری ہے، لائن آف کنٹرول کو ملانے والے چکوٹھی اوڑی امن برج سے 50 مال بردار ٹرکوں نے کراسنگ کی آزاد کشمیر سے 15 مال بردار ٹرک مقبوضہ کشمیر گئے اور مقبوضہ وادی سے 35 مال بردار ٹرک آزاد کشمیر آئے، دو طرفہ تجارت آج جمعرات اور کل جمعہ کے روز بھی جاری رہے گی جس کیلئے مال بردار ٹرک لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔ دریں اثناء مقبوضہ کشمیر سے گذشتہ کئی ہفتوں سے آنے والا کیلا خراب حالت میں آزاد کشمیر پہنچنے لگا جس کے باعث آزاد کشمیر کے تاجروں کو کروڑوں روپے کے نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ تاجروں کے تحفظات پر ٹی ایف او چکوٹھی کراسنگ پوائنٹ میجر (ر) طاہر کاظمی نے ایل او سی کو ملانے والے امن برج پر معمول کی میٹنگ میں مقبوضہ کشمیر کی اتھارٹی کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر سے گلے سڑے ہوئے کیلے کو آزاد کشمیر بھیجنے کا سلسلہ بند کر ے بصوررت دیگر آزاد کشمیر میں مقبوضہ کشمیر سے آنے والے کیلے پر پابندی عائد کردی جائیگی۔