لاہور(کلچرل رپورٹر) گلوکار اور اداکار علی ظفر ایک بار پھر پی ایس ایل 2017ء میں دھوم مچانے آرہے ہیں، پاکستان سپر لیگ کے آفیشل گانے کی ریلیز کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔پاکستان سپر لیگ 2017ء کا آفیشل گانا یکم جنوری کو منظر عام پر آنے والا ہے جس میں ایک بار پھر سپر سٹار علی ظفر آواز کا جادو جگا رہے ہیں، گانے کے بول ’’اب کھیل جمے گا‘‘ ہیں۔معروف گلوکار علی ظفر نے گانے پر بڑی محنت کی ہے اور انہوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ یہ گانا کرکٹ سے محبت کرنیوالی پاکستانی قوم کے دلوں کو چھو لے گا۔مسلسل دوسرے سال پاکستان کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ کیلئے آفیشل گانا تیار کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے، اس گانے کی مکمل تیاری میں نے کی ہے، جس میں تحریر، موسیقی اور گلوکاری شامل ہے، گزشتہ سال کے بہترین رد عمل کے بعد مجھے لگتا ہے کہ اس بار شائقین کی توقعات مزید بڑھ گئی ہوں گی، انہی توقعات کو پورا کرنے کیلئے میں نے انتہائی محنت کی ہے۔واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن کے آفیشنل گانے ’’اب کھیل کے دکھا‘‘ میں بھی علی ظفر نے اپنی بھرپور صلاحیتوں کا اظہار کیا تھا جسے شائقین نے بہت پسند کیا تھا۔
’’اب کھیل جمے گا‘‘پی ایس ایل 2017ء کا آفیشل گانا تیار
Dec 29, 2016