دمشق، تہران (صباح نیوز+ اے پی پی+ اے ایف پی) اقوام متحدہ میں روس کے مستقل نمائندے ویتالی چرکن نے شام کے بارے میں جنرل اسمبلی کی قرارداد کو مسترد کرتے کہا اس میں بہت نقائص ہیں جنہیں دور کرنے کی ضرورت ہے۔ داعش کے زیر کنٹرول ہنجا نامی گائوتا میں نامعلوم طیارے کی بمباری سے 10 بچوں سمیت 22 شہری مارے گئے۔ مرنے والوں کا تعلق 2 خاندانوں سے تھا۔ ترکی اور روس شام میں جنگ بندی پلان پر متفق ہوگئے۔ اس پر آج رات سے عملدرآمد ہو سکتا ہے۔ ادھر ترک فوج کے شام کے شہر الباب میں داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں، زمینی کارروائی میں 44 جنگجو ہلاک اور زخمی جبکہ 154 ٹھکانے تباہ ہوگئے۔ ایران کے ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت نے اکتوبر 2015ء کو شام میں بشار الاسد کے دفاع میں لڑتے ہوئے جان کی قربانی دینے والے جنرل حسین ہمدانی کی خدمات کے اعتراف میں انکی تصویر پر مبنی ایک نیا ڈاک ٹکٹ جاری کیا ہے۔