ملتان +اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی+نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ میں نے کوئی غلط کام نہی کیا تھا۔ نااہلی فیصلے پر کچھ دنوں کے لئے مایوس ہوا لیکن تحریک انصاف کا ساتھ نہیں چھوڑونگا۔ عمران خان کے ساتھ تن من دھن کے ساتھ کھڑا رہونگا۔ پہلے میرا جہاز چار گھنٹے چلتا تھا اب تحریک انصاف کے لئے 12 گھنٹے چلے گا۔ وعدہ کرو جب تک نواز شریف اور شہباز شریف کی سیاست ختم نہ کر دیں چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز القریش شیر شاہ روڈ پر ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے صدر نواب اسحاق خان خاکوانی‘ سابق گورنر پنجاب ملک غلام مصطفی کھر‘ سینئر نائب صدر جنوبی پنجاب چوہدری خالد جاوید وڑائچ‘ ڈپٹی سیکرٹری جنوبی پنجاب محمد ابراہیم خان‘ جوائنٹ سیکرٹری جنوبی پنجاب وسیم خان بادوزئی‘ انفارمیشن سیکرٹری ملک محمد عاصم ڈیہڑ‘ سابق ایم این اے خواجہ شیراز‘ احمد یار ہراج‘ ملک مظفر حسین‘ ملتان سٹی کے صدر ڈاکٹر خالد خان خاکوانی‘ زرتاج گل‘ بہادر خان‘ سابق وزیر ظفر وڑائچ‘ حافظ اللہ دتہ کاشف و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ جہانگیر خان ترین نے مزید کہا کہ کئی سال بعد پی ٹی آئی ایک ٹیم بن چکی ہے۔ یہی ٹیم عمران خان کو وزیراعظم بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ این اے 154 لودھراں کے ضمنی الیکشن میں لودھراں کی عوام علی ترین کو کامیاب کرائیں گے۔ تحریک انصاف اقتدار میں آ کر جنوبی پنجاب کو سب سے امیر خطہ بنائے گی۔اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری پنجاب ابراہیم خان‘ میاں طارق عبداللہ‘ ملک اسحاق بچہ‘ طاہر حسین ملیزئی‘ ندیم قریشی‘ جہاں زیب وارن‘ شاہد محمود خان‘ عامر بادوزئی‘ حسین خان علیزئی‘ معظم جتوئی‘ عمران شوکت‘ میاں ظفر اللہ بھٹی‘ میاں حسین‘ عبداللہ بھٹی‘ میاں عاشر حمید بھٹی‘ سید طاہر علی شاہ‘ رانا سہیل نون‘ طاہر احمد کھوکھر‘ حافظ اللہ دتہ کاشف‘ قربان فاطمہ‘ عبدالرزاق‘ ساجدہ لنگاہ‘ غزل غازی اور دیگر خواتین رہنما بھی سٹیج پر موجود تھیں۔ تحریک انصاف کے مرکزی وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی کے شہر میں جہانگیر ترین کا پاور شو۔ پنڈال میں شاہ محمود قریشی اور انکے مقامی گروپ کے کسی رہنما کی تصویر نظر نہیں آئی اور نہ ہی انہوں نے ورکرز کنونشن میں شرکت کی۔ واضح رہے کہ اس ورکرز کنونشن میں جہاں وہاڑی‘ لیہ‘ مظفرگڑھ‘ راجن پور‘ جتوئی‘ خانیوال‘ شجاع آباد‘ لودھراں سمیت جنوبی پنجاب کے منتخب اور ضلعی عہدیدار سابق اور موجودہ اراکین اسمبلی شریک ہوئے وہاں ملتان سے مخدوم شاہ محمود قریشی سے سیاسی تعلق رکھنے والے رکن صوبائی اسمبلی حاجی جاوید اختر انصاری‘ ٹکٹ ہولڈر رانا عبدالجبار‘ احمد حسین ڈیہڑ‘ ڈاکٹر اختر ملک‘ میاں جمیل احمد سمیت دیگر شہر کے اہم رہنما شریک نہیں ہوئے۔علاوہ ازیں پی ٹی آئی ترجمان فواد چودھری نے کہا ہے کہ 8 لاکھ افراد نے علی ترین کو منتخب کرنا ہے۔ علی ترین اپنے کارکنوں میں موجود ہیں علی ترین کو جہانگیر ترین کا بیٹا ہونے پر نااہل نہیں کیا جاسکتا۔ عمران خان نے نئے لوگوں کو آگے آنے کا موقع دیا ہے، کیپٹن (ر) صفدر بغیر کسی الیکشن کے یوتھ کے صدر بن گئے۔ علی ترین کو ٹکٹ دینا موروثی سیاست نہیں میرٹ ہے۔
کوئی غلط کام نہیں کیا‘ نااہلی کے فیصلے سے مایوسی ہوئی‘ عمران کا ساتھ نہیں چھوڑونگا: جہانگیر ترین
Dec 29, 2017