شریف برادران مشکل میں ہوتے ہیں تو غیر ملکی جہاز آجاتے ہیں، قوم این آر او قبول نہیں کریگی: طاہرالقادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے سیاست کے فیصلے عدالتوں میں نہیں ہونے چاہئیں کا راگ الاپنے والے خود فیصلے کیلئے بیرونی طاقتوں کے دربار میں پہنچ گئے، جمہوریت اور تحریک عدل کا شور کرنے والے شرم سے ڈوب مریں، شریف برادران کا بیرونی دنیا میں منظم نیٹ ورک ہے، یہ جب بھی مشکل میں گھرتے ہیں انہیں لینے غیر ملکی جہاز آجاتے ہیں، قوم لٹیروں اور قاتلوں کے حوالے سے اب کسی این آر او کو قبول نہیں کرے گی۔ این آر او کا مطلب ہوگا، پاکستان سے عدل و انصاف ہمیشہ ہمیشہ کیلئے گم ہو گیا، قاتل اور قومی خزانے کی وسیع پیمانے پر لوٹ مار میں ملوث اشرافیہ کو کوئی این آر او ملا تو یہ ریاست، قوم، پارلیمنٹ، قانون اور جمہوریت کے ساتھ انتہائی گھنائونا اور ذلت آمیز سلوک ہوگا۔ وہ عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات، اے پی سی اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر آصف علی زرداری سینئر رہنمائوںکے ہمراہ سہ پہر 3 بجے عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں سربراہ عوامی تحریک سے ملاقات کرینگے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ شائع ہو جانے کے بعد بیوائوں، یتیموں کوانصاف نہ ملا اور ذمہ دار قانون کے کٹہرے میں نہ لائے گئے تو پھر یہ بات ثابت ہو جائیگی پاکستان میں مظلوم کو کبھی انصاف نہیں ملے گا اور نہ قانون طاقتور کے سامنے کبھی حرکت میں آسکے گا۔ پاکستان اپنی تاریخ کے اہم موڑ پر کھڑا ہے، اب یہ اداروں نے فیصلہ کرنا ہے ملک کو کسی ایک خاندان کی جاگیر کے طور پر قبول کرنا ہے یا اسے حقیقی معنوں میں آئین اور قانون کے مطابق چلانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قاتلوں سے عدلیہ کے فلور پر اب صرف قصاص پر بات ہوگی، ملکی استحکام اور بقا کیلئے قومی لٹیروں اور قاتلوں کے صفایا کی جنگ لڑرہے ہیں، گروہی و مالی مفاد کیلئے قومی لٹیروں کی بیساکھیاں بننے والے ملک و قوم کے حال پر ترس کھائیں، اجلاس میں عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے اے پی سی کے جملہ انتظامات اور شریک ہونیوالی جماعتوں کے حوالے سے تفصیل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا اے پی سی میں تحریک انصاف، پیپلز پارٹی، ق لیگ، جماعت اسلامی، عوامی مسلم لیگ، پاک سرزمین پارٹی، مسلم کانفرنس، مجلس وحدت المسلمین، سنی اتحاد کونسل، جمعیت علمائے پاکستان نورانی، جمعیت علمائے اسلام (اجمل قادری)، جمعیت علمائے پاکستان نیازی گروپ نے شرکت کی یقین دہانی کرادی ہے، دیگر جماعتوں سے رابطے آج رات تک مکمل کرلئے جائینگے۔ انہوں نے شہبازشریف کے اچانک غیر ملکی پرائیویٹ جہا ز پر سعودی عرب جانے پر کہا شریف خاندان کا پاکستانی نثراد امریکی دیرینہ فرنٹ مین سعودیہ میں ملاقاتیں ارینج کروا رہا ہے جس میں ایک سے زائد ممالک کے لوگ شریک ہیں۔ اس امر کا خدشہ ہے کہ 1999ء کی تاریخ دوبارہ نہ دہرائی جائے اور بے گناہ انسانی جانوں کے قاتل اور قومی خزانے کی لوٹ مار کے ملزم بیرون ملک بھاگنے میں کامیاب نہ ہو جائیں۔ عوامی تحریک کی آل پارٹیز کانفرنس کل (ہفتہ کو) ماڈل ٹائون میں منعقد ہو گی جس کے مشترکہ اعلامیہ میں مطالبات اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائیگا۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...