اسلام آباد(نا مہ نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم امتناع پر نیب نے اسحاق ڈار کے خلاف انٹر پول کے ذریعے واپس لانے کی کاروائی روکدی ہے اور حکم امتناع کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے ہی رجوع کرنے کی تیاری کر لی ہے۔ وزارت داخلہ نے اسحاق ڈار کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی کاروائی بھی روک دی ہے۔نیب ذرائع کے مطابق جمعرات کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے عدالتی حکم امتناع پر نیب نے اسحاق ڈار کے خلاف کاروائی روکی گئی ہے،نیب نے احتساب عدالت سے اشتہاری قرار دیئے جانے کے بعد اسحاق ڈار کو انٹرپول کے ذریعے وطن واپس لانے کاعمل شروع کیا تھا ،ذرائع کے مطابق نیب نے اسحاق ڈار کو انٹرپول کے ذریعے واپس لانے کا معاملہ عدالت لے جانے کافیصلہ کیا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم امتناع کے باعث وزارت داخلہ نے اسحاق ڈار کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی کارروائی بھی روک دی ہے۔چیئرمین نیب نے اسحاق ڈار کو انٹرپول کے ذریعے لانے کا فیصلہ کیا تھا،اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم امتناع جاری کرتے ہوئے اسحاق ڈار کے خلاف کاروائی روک دی تھی۔