لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے پھانسی اور عمر قید کے خلاف محکمہ جیل کی جانب سے دائر کی جانے والی رحم کی اپیلوں کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے دیا ۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے مقامی وکیل بیرسٹر سارہ بلال کی درخواست پر سماعت کی جس میں محکمہ داخلہ کی جانب سے رحم کی اپیلوں کا ریکارڈ فراہم نہ کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا ہے درخواستگزار وکیل نے بتایا کہ پھانسی اور عمر قید کی سزا کے خلاف محکمہ جیل خانہ جات کی طرف سے از خود صدر مملکت کے روبرو رحم۔کی اپیل دائر کی جاتی ہے اور اس بات کا اندازہ نہیں ہوتا کہ رحم کی اپیل کس بنیاد پر دائر کی گئی ہے ۔ وکیل نے نقطہ اٹھایا کہ رحم کی اپیل کے حقائق اور تفصیلات جاننا مجرم اس کے لواحقین اور عام عوام کا بنیادی حق ہے لیکن اس بنیادی حق سے انہیں محروم رکھا جاتا ہے اور اس بنا پر انہیں آخری دم تک یہ معلوم نہئں ہوتا کہ کس قانونی سقم کے باعث ان کی رحم کی اپیل مسترد کر دی گئی لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ داخلہ کو ہدایت کی درخواستگزار وکیل کو رحم کی اپیلوں کے بارے میں تمام ریکارڈ فراہم کیا جائے۔