کراچی ( وقائع نگار) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے عمران خان اور آصف علی زرداری کا ساتھ بیٹھنا مسلم لیگ ن کے مفاد میں ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ یہ الیکشن میں ہار سے خوفزدہ ہیں۔ کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے سانحہ ماڈل ٹائون رپورٹ کو مسترد کر دیا اور کہا ہمیں تو اس رپورٹ میں ایسا کچھ نہیں نظر آتا، اگر آپ کو لگتا ہے کہ رپورٹ کے مطابق استعفیٰ دینا چاہئے تو عدالتوں میں جائیں فیصلے سڑکوں پر نہ کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کراچی میں کچرے کے ڈھیر ہیں جبکہ لاہور کو یورپ کی طرح صاف کیا جاتا ہے، اب عوام کی مرضی ہے کہ وہ کراچی کو کیسا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کراچی کے عوام اپنے ووٹ سے چوائس کریں گے، پنجاب کو ترقی دینے والی قیادت کو ووٹ دینا ہے یا ماضی کی طرح کراچی کو نظرانداز کرنے والوں کو ووٹ دینا ہے۔ اب کراچی کا امن کوئی برباد نہیں کر سکتا۔ گورنر سندھ نے مزید کہا حکومت کو اپنی پوری مدت کرنی چاہئے، غیرآئینی طور پر حکومت کا گھر جانا ملک اور جمہوریت کا نقصان ہو گا۔
گورنر سندھ