راولپنڈی (نیوزرپورٹر)امیرجماعت اسلامی ضلع راولپنڈی شمس الرحمن سواتی نے کہاہے قرآن کے انقلابی پیغام اورنبی اقدس ؐ کے دئیے گئے نظام زندگی کومشعل راہ بناکرہی ایک اسلامی وفلاحی معاشرہ تشکیل دیا جاسکتا ہے ذمہ داران اورکارکنان اپنے سمیت بچوں اورفیملی کا تعلق قرآن وحدیث سے مضبوط کریں اپنی ذات اوراہل خانہ سے تربیت کاآغازکرکے ہی ہم معاشرے میں خیرکواجاگراور شرکوختم کرسکتے ہیں ۔ان خیالات کااظہارانھوں نے جماعت اسلامی کے ضلعی تربیتی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جنرل سیکرٹری ظفر الحسن جوئیہ،نائب امیرضلع امتیازعلی اسلم ،ضلعی ناظم دعوتی وتربیتی کمیٹی جاوید قریشی،ضلعی صدرجے آئی یوتھ سردارتفہیم اعظم سمیت دیگرذمہ داران نے بھی خطاب کیا ۔شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ مدینہ کی اسلامی ریاست ہمارے لئے رول ماڈل ہے جسے سیکولرازم اور مادرپدرآزادی چاہیے اس کے لئے دروازے کھلے ہیں وہ ہندوستان جائے یا اپنے آقائوں کے پاس امریکہ اور برطانیہ میں جائے ، اسلام کے نام پروجود میں آنے والے قائد کے پاکستان میں ایسے کسی بدبودارنظام کی گنجائش نہیں جس میں بیٹی اوربہن کی عزت اپنے باپ اوربھائی سے ہی محفوظ نہ ہو۔نام نہا د روشن خیالی کا نعرہ لگانے والے جان لیں کہ روشن خیال اور ہرآقا سے آزاد کرکے ایک اللہ ورسولﷺ کی غلامی میں دینے والا مذہب صرف اسلام ہے جس کے پیروکارخواتین ،بچوں اور غیرمسلموں کے حقوق کیلئے صرف موم بتیاں نہیں جلاتے بلکہ ان کے پاس نظام مصطفےﷺاور خلفائے راشدہ کا ایسا عملی نظام موجود ہے جس میں خواتین کوان مکمل حقوق میسرہیں اسلام میں خواتین کووراثت کی جائیدادوں سے محروم کرنے کا کوئی تصورنہیں ، امت مسلمہ کے زوال کا سبب قرآن وحدیث سے دوری ہے معاشرے کی آلودگیوں کے مقابلے میں نظام مصطفے ﷺکاقیام ہماری ترجیح اول ہے۔
قرآن کی تعلیمات اور اسوہ حسنہ کومشعل راہ بناکراسلامی وفلاحی معاشرہ تشکیل دیا جاسکتا ہے
Dec 29, 2017