سابق صدرآصف زرداری نے مطالبہ کیا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاﺅن میں غریبوں کا لہو بہانے پر شہبازشریف اور رانا ثناءاللہ استعفیٰ دیں جبکہ نوازشریف کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کیا جائے ، پیپلزپارٹی مظلوموں کیساتھ کھڑی ہوتی آئی اور آئندہ بھی ان کے حق کیلئے لڑے گی ، ماڈل ٹاﺅن کے شہداءکا خون ضرورت رنگ لائے گا ، طاہر القادری کے دوبارہ دعوت دینے پر مشکور ہوں ، ہم طاہر القادری اور متاثرین ماڈل ٹاﺅن کیساتھ ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات کے دوران کیا ۔ملاقات میں پی پی کی طرف سے خورشید شاہ، رحمان ملک، قمر زمان کائرہ، لطیف کھوسہ اور منظور وٹو شریک تھے جبکہ پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے ڈاکٹر طاہرالقادری، خرم نواز گنڈا پور اور دیگر رہنما مشاورتی بیٹھک میں شریک رہے۔آصف زرداری نے کہاکہ دوبارہ دعوت دینے پر ڈاکٹر طاہرالقادری کا ممنون ہوں، شروع سے مطالبہ رہا ہے کہ ماڈل ٹاﺅن کے معاملے پر ہم مظلوموں اور ڈاکٹر طاہرالقادری کے ساتھ ہیں۔شریک چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ماڈل ٹاﺅن کا سانحہ لاہور شہر میں ہوا، خیبر پختونخوا کے کسی علاقے میں نہیں ہوا کہ لوگ اس کی کوئی خبر نہ رکھتے ہوں، میڈیا پر دکھایا گیا کہ ماڈل ٹاﺅن پر کس طرح لوگوں پر گولیاں برسائی گئیں، ہمیشہ ظلم کے خلاف جدوجہد کی آواز اٹھائی، ہمیشہ مظلوموں کے ساتھ رہے ہیں۔آصف زرداری نے کہا کہ ہم ہر زیادتی کے خلاف آواز اٹھائیں گے اور انصاف بھی مانگیں گے، مطالبہ کرتے ہیں کہ شہبازشریف مستعفی ہوں اور انہیں استععفی دینا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف پر 302 کے مقدمے ہونے چاہئیں، رانا ثنا اللہ کو بھی استعفی دے کر قانون کے سامنے خود کو پیش کرنا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب اور وزیر ماڈل ٹاﺅن کی تحقیقات پر اثر انداز ہو رہے ہیں لیکن غریبوں کا لہو رنگ لائے گا، آج نہیں تو کل مظلوموں کو انصاف ملے گا۔آصف زرداری نے کہا کہ پرویز مشرف کے پاس اپنے موقف کا دفاع کرنے کی کوئی دلیل نہیں، وہ اپنے دور حکومت میں ہر فیصلہ خود کرتے تھے، انہیں کمر میں درد ہے لیکن وہ ڈانس بھی کررہے ہیں، اگر وہ اتنے بہادر ہیں تو واپس آجائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ملک میں ایک ایس ایچ او یا وزیراعلی اختیارات نہیں چھوڑتے لیکن میں نے تو اختیارات پارلیمنٹ کو دییے، نواز شریف ہمیشہ ایسا کام کرتے ہیں جس سے حالات کا فائدہ کوئی اور اٹھاتا ہے، وہ ملک کو اتنا مقروض کردیں اور پھر میں ان کے ساتھ کھڑا رہوں تو یہ قوم کو نامنظور ہوگا، پاکستان میں اب دوبارہ ایسا مذاق نہیں کرنے دیں گے۔آصف زرداری سے قبل خورشید شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوامی جماعت ہے، انصاف کے لیے طاہرالقادری جیسی جدوجہد کسی نے نہیں کی، پاکستان کا آئین و قانون سب کے لیے ایک جیسا ہے لیکن ملک میں بڑوں کے لیے انصاف آسان اور غریب چیختا رہتا ہے، شہبازشریف اور راناثنااللہ کے معاملےمیں بھی انصاف ہوتا نظر آناچاہیے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھاکہ آل پارٹیز کانفرنس کے معاملے پر پیپلزپارٹی اور ہمارے درمیان مکمل ہم آہنگی ہے۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ اے پی سی پر دونوں جماعتوں نے اپنا اپنا نقطہ نظر پیش کیا، کسی ایک نقطے پر کوئی اختلاف نہیں، دونوں جماعتوں کے درمیان 100 فیصد ہم آہنگی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹان پر پیپلزپارٹی انصاف حصول کے لیے ہمارے ساتھ کھڑی ہے۔پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے سانحہ ماڈل ٹان پر آئندہ کی حکمت عملی کے لیے کل آل پارٹیز کانفرنس بلائی ہے جس میں تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی سمیت دیگر جماعتوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔