سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ آئین توڑنے والوں کو سزا ملنی چاہئیے، پرویز مشرف کو بہت جلد کٹہرے میں لائیں گے، پرویز مشرف بزدل بن کر بیرون ملک بیٹھا ہے، مشرف کے کیسز کے معاملے پر عدلیہ کو بھی جگانا ہوگا‘ ملک اور قوم کےلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں مگر اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کر یں گے‘ ہم نے ملک کو لوڈشیڈنگ کے اندھیروں، دہشت گردی اور غربت سمیت دیگر مسائل سے نجات دلائی ہے اور ملک کو معاشی طور پر بھی مضبوط کردیا ہے۔ عوام مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہیں، آئندہ عام انتخابات میں بھی ہم ہی کامیاب ہوں گے۔ رائے ونڈ جاتی امراءمیں محفل میلاد اور نماز جمعہ کے بعد کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے میاں نوازشریف نے کہا کارکنان پارٹی کا سرمایہ ہیں ہم ہر فورم پر کارکنوں کو ساتھ لےکر چلتے ہیں۔ ہم آئین و قانون کی حقیقی معنوں میں حکمرانی کی بات اپنے ذاتی نہیں بلکہ قومی مفادات کےلئے کر رہے ہیں کیونکہ جب اس ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی قائم ہوگی تو جمہوریت اور پارلیمنٹ سمیت تمام ادارے مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے کہا پاکستان میں جمہوریت کی مضبوطی، آئین، قانون اور انصاف کی حکمرانی کےلئے ضروری ہے کہ ملک میں آئین توڑنے والوں کو سزا دی جائے۔ بزدل انسان پرویز مشرف بہانہ بنا کر باہر بیٹھا ہے مگروہ وقت ضرور آئےگا جب پرویز مشرف کو کٹہرے میں لائیں گے۔ سابق ڈکٹیٹر میں ہمت ہے تو واپس آکر مقدمات کا سامنا کرے۔ علاوہ ازیں نواز شریف کی سعودی عرب متوقع روانگی کے پیش نظر سرگودھا کا جلسہ منسوخ کردیا گیا۔ علاوہ ازیں سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق 31 دسمبر کو سرگودھا میں میاں نواز شریف کے جلسے کی تیاریاں عروج پر تھیں مگر سابق وزیر اعظم نواز شریف کی کل سعودی عرب روانگی کے باعث کوٹ مومن سرگودھا میں ہونیوالا جلسہ ایک ہفتہ کےلئے ملتوی، سابق وزیراعظم 6جنوری کو سرگودھا آئیں گی اور کوٹ مومن جلسہ سے خطاب کریں گے۔