راولپنڈی+ اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مجاہد فورس سنٹر بھمبر کا دورہ کیا ہے۔ آرمی چیف نے لائن آف کنٹرول پر مجاہد فورس کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دفاعِ وطن میں مجاہد فورس کا کردار نمایاں ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا دفاع وطن میں مجاہد فورس کا کردار نمایاں ہے۔ پاک فوج کے جوان اور افسران دشمن کی جارحیت کا مقابلہ جواں مردی سے کر رہے ہیں اور بھرپور جواب دے رہے ہیں۔ آرمی چیف نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔ سپہ سالار فرداً فرداً تمام جوانوں سے ملے اور ان کے جذبے کو سراہا۔ تقریب میں حاضر اور ریٹائرڈ افسران نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ آرمی چیف نے لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر کو کرنل کمانڈنٹ مجاہد فورس کے بیجز بھی لگائے۔ مزید برآں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 22 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد سنگین نوعیت کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ دہشت گردوں نے 176 سکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کو شہید کیا۔ دہشت گردوں کی کارروائیوں میں 217 شہری اور اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ آرمی چیف نے مزید 15 سزا یافتہ دہشتگردوں کو جیل بھیجنے کی بھی منظوری دی۔ فوجی عدالت میں 2 ملزمان کو جرم ثابت نہ ہونے پر رہا کر دیا گیا۔ سزائے موت پانے والے دہشتگردوں میں خیرالدین، محمد عاشق، انعام اللہ، عالم شیر، عرفان محمد شفیق شامل ہیں۔
آرمی چیف