پشاور (آن لائن+این این آئی) خیبر پی کے اسمبلی نے صوبائی احتساب کمشن کو ختم کرنے کی منظوری دیدی۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پی کے اسمبلی کے اجلاس میں صوبائی وزیر قانون سلطان محمد کی جانب سے احتساب کمشن کے خاتمے کا بل پیش کیا گیا۔ صوبائی اسمبلی نے احتساب کمشن کے خاتمے کا بل کثرت رائے سے منظور کرتے ہوئے اس کے تمام اثاثے اینٹی کرپشن کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بل کے مطابق احتساب کمشن کے کنٹریکٹ ملازمین کی نوکریاں ختم ہو جائیں گی اور مستقل ملازمین کو سرپلس پول میں رکھا جائے گا۔ مستقل ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دینے کی تجویز پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ اسمبلی نے صوبے کو بجلی کا خالص منافع کی مد میں ملنے والی رقم کی ادائیگی سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظورکرلی۔ یہ قرارداد اے این پی کے پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے ایوان میں پیش کی جس پر صوبائی وزراءشوکت یوسفزئی، سلطان محمد سمیت اپوزیشن اراکین شاہ داد خان، سردار خان، مفتی عبیدالرحمن اور اقلیتی رکن روی کمار کے دستخط تھے۔ اسمبلی میں اپوزیشن کی خواتین اراکین صوبائی وزیراطلاعات کے رویے کےخلاف احتجاجاً شریک نہ ہوئیں۔
خیبر پی کے اسمبلی
خیبر پی کے اسمبلی : احتساب کمشن ختم کرنیکی منظوری وفاق بجلی منافع بروقت ادا کرے ‘ متفقہ قرارداد
Dec 29, 2018