لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت نے گزشتہ روز رحیم یار خان میں اپنے تین روزہ قیام کے دوران حلقہ پی پی 259اورحلقہ پی پی 261کا خصوصی دورہ کیا ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے عمائدین اور پارٹی ورکرز کے ہمراہ حلقے کی موجودہ صورتحال اور عدم موجود سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا اور لوگوں کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ملک کی اعلیٰ قیادت اور وزیر اعلیٰ پنجاب نہ صرف رحیم یار خان کے مسائل سے آگاہ ہیں بلکہ صوبے کے تمام پسماندہ علاقوں میں یکساں طور پر سہولیات کی فراہمی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے بھی پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ حلقہ پی پی 259اورپی پی 261کے عوام کا اعتماد ہمارا فخر ہے۔ اپنے کسی دعوے سے پھرے ہیں نہ کو ئی وعدہ بھولے ہیں ۔ رحیم یار خان سمیت پورے پنجاب کے نظر انداز شدہ علاقوں کو ان کے جائز حقوق بھی دلوائیں گے۔ انشااللہ پنجاب کا کوئی بچہ تدریسی سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے تعلیم سے محروم رہے گا اور نہ کوئی مریض علاج نہ ملنے کی شکایت کرے گا۔ رحیم یار خان سمیت پورے خطے کو معاشی طور پر اتنا مظبوط بنا دیں گے کہ جنوبی پنجاب قومی معیشت کا اہم ستون سمجھا جائے گا۔ ہر خطے میں اس کی پیداواری صلاحیت کے مطابق کاشت اور خام مال اور لیبر کی موجودگی کے مطابق صنعت کا انتخاب وسائل میں اضافے کا سبب بنے گا۔ انتظامی مسائل کے حل کے لیے ابتدائی طور پر الگ سیکرٹریٹ کا قیام بہت سے مسائل کے حل میں معاون ثابت ہو گا۔ دونوں حلقوں کے عوام کی جانب سے صوبائی وزیر کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انھیں وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے 100روزہ کارکردگی پر اطمینان کے اظہار اور اپنی تقریر میں بار بار تعریف پر مبارکباد پیش کی۔ صوبائی وزیر نے حلقہ پی پی 259اورپی پی261کے عوام کی جانب سے ایکبار پھر بھر پور اعتماد کی یقین دہانی اور پر تپاک استقبال پر ان کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں بھی توقعات پر پورا اترنے کی یقین دہانی کروائی ۔
حکومت پسماندہ علاقوں کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہے:ہاشم جواں بخت
Dec 29, 2018