لاہور(نیوزرپورٹر)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے زیرانتظام نارتھ سرکل میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کیا گیا جس دوران ہنگر ریسٹورنٹ بیگم کوٹ میں بجلی چوری پکڑ ی گئی۔ لیسکو ترجمان کے مطابق بجلی چوری کے خلاف نارتھ سرکل میںکارروائی عمل میں لائی گئی ۔جہاں میٹر میں کوکسل کیبل کے ذریعے بجلی چوری کرکے لیسکو کو ماہانہ لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا جارہا تھا۔ایس ای نارتھ عطرت حسین کے مطابق ریسٹورنٹ کا کنکشن منقطع کرکے متعلقہ افراد کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کے لئے درخواست شاہدرہ پولیس اسٹیشن میں جمع کروا دی گئی ہے اور صارف کو 35000یونٹس کا ڈٹیکشن بل بھی چارج کیا گیا ہے ۔دریں ازاںسینٹرل سرکل کی رائیونڈ ڈویژن کی جیا بگا سب ڈویژن نے بھی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے گائوں چلر مویشیاں ، چلر بھٹیاں اور پنڈوکی کے علاقے میں بجلی چوری کیخلاف آپریشن کرتے ہوئے 11ڈائریکٹ سپلائی جبکہ 10گھروں کو رنگے ہاتھوں بجلی چوری کرتے پکڑا اور ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ۔ واضح رہے کہ چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ کی ہدایت پر لیسکو میں بجلی چوری کے مکمل خاتمے کے لئے آپریشن اور سرویلنس کی ٹیموں کی جانب سے مہم جاری ہے اس کے ساتھ ساتھ بجلی چوروں کو ڈٹیکشن بلز چارج کرنے کے ساتھ ساتھ ڈیڈ ڈیفالٹرز سے واجب الادا رقومات کی وصولی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ ہم لیسکو سے بجلی چوری کے مکمل خاتمے کے لئے پوری طرح سے سرگرم عمل ہیں۔