اسلام آباد(این این آئی) گلگت بلتستان کی پرفضا وادی نلتر اور سوات میں دلفریب سکی سلوپ سے مزین مالم جبہ میں سرمائی کھیلوں کا میلہ سج چکا ہے۔ ونٹر سپورٹس فیڈریشن آف پاکستان نے اس سال منعقد ہونے والے مختلف مقابلوں کے لئے ایک جامع کیلنڈر تیارکیا ہے۔ سرمائی کھیلوں کا آغاز پی اے ایف سکی ریزورٹ نلتر میں سعدیہ خان اور بچوں کے سکی کپ کے ساتھ ہو چکا ہے۔. اس کے علاوہ ملک میں پہلی بار سنوبورڈنگ، آئس سکیٹنگ اورآئس ہاکی کے مقابلے بھی منعقد ہونگے. ان کے علاوہ شاہ خان سکی کپ اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی چیمپئن شپ کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ملک کے مختلف تعلیمی اداروں میں سرمائی کھیلوں کو فروغ دینے کیلئے اس سال طلباء اورطالبات کے لئے انٹر ویرسٹی چیمپئن شپ کو بھی ان مقابلوں میں شامل کیا گیا ہے۔پی اے ایف نلتر کے علاوہ مالم جبہ سکی ریزورٹ میں قومی سکی چیمپئن شپ، مالم جبہ سکی کپ اور چیف آف دی ائیر سٹاف انٹرنیشنل قراقرام الپائن سکی کپ کے مقابلے ہونگے. ونٹر سپورٹس فیڈریشن آف پاکستان نے نوتعمیر شدہ رٹو سکی ریزورٹ کو اس سا ل دو مقابلوں کی میزبانی کے لئے منتخب کیا ہے جہاں انٹر سروسز سکی کپ اور نیشنل کراس کنٹری سکی کپ کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے۔دنیا بھرسے ممتاز بین الاقوامی سکئیرزسکی کے مقابلوں کی مختلف کیٹیگریزمیں حصہ لینے کے لئے پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ان مقابلوں میں بین الاقوامی کھلاڑیوں کے علاوہ پاکستان کے بہترین سکئیرز بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔رواں سال WSFP Snow-Making مشین tow-lift جیسی جدید مشینری کو ان علاقوں میں نصب کیا ہے جس کے حصول سے برفباری پر انحصارکم سے کم ہوگا اور سرمائی کھیلوں کے شائقین اب ان مقابلوں کے طویل سیزن سے لطف اندوز ہو نگے۔