سنچورین ٹیسٹ میں سرفراز اور ڈیو پلیسی نے مل کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

سنچورین (سپورٹس ڈیسک )پاکستان کو جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن میچ میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے کپتانوں نے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔ جنوبی افریقہ کے خلاف سنچورین میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھی سرفراز احمد کی ناکامیوں کا سلسلہ برقرار رہا اور ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں صفر پر پویلین لوٹے۔اسی طرح جنوبی افریقی کپتان فاف ڈیو پلیسی کے لیے بھی یہ ٹیسٹ انفرادی کارکردگی کے لحاظ سے اچھا ثابت نہ ہوا اور وہ بھی دونوں اننگز میں کھاتا کھولے بغیر ہی پویلین سدھار گئے۔دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے اس بدترین کارکردگی کے ساتھ ہی مشترکہ طور پر ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا اور یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے میچ میں ’پیئر‘ حاصل کیا ہو یعنی دونوں اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوئے ہوں۔سرفراز احمد نے میچ میں ’صفر کا پیئر‘ حاصل کیا اور یہ بدترین ریکارڈ اپنے نام کرنے والے پاکستان کے چوتھے کپتان بن گئے۔سرفراز سے قبل پاکستان کے جو تین کپتان ٹیسٹ میچ میں پیئر کا شکار ہوئے ان میں امتیاز احمد، راشد لطیف اور وقار یونس شامل ہیں۔

ای پیپر دی نیشن