ریاض(این این آئی )سعودی عرب میں جنادریہ کے فیسٹول میں کنگ عبدالعزیز سٹی فار سائنس اینڈ ٹکنالوجی نے توانائی اور معدنی دولت کی وزارت کے پویلین میں صقر4کے نام سے ڈرون طیاروں کے دو ورڑن نمائش کے لیے رکھے ہیں۔ ان طیاروں کی ڈیزائننگ اور تیاری مکمل طور پر سعودی انجینئروں کے ہاتھوں انجام پائی۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مذکورہ ڈرون طیارہ سعودی عرب کے ویڑن 2030 پروگرام کے ضمن میں شامل منصوبوں کا حصہ ہے۔ ان منصوبوں کا مقصد مقامی سطح کی ٹکنالوجی کو جدید بنانا ہے۔ یہ صقر4ڈرون طیارہ اپنے کم وزن اور چھوٹے حجم کے باعث منفرد حیثیت رکھتا ہے۔ یہ 5 ہزار فٹ کی اوسط بلندی پراڑ سکتا ہے۔ اس کے اڑنے کا دورانیہ 5 گھنٹوں کے قریب ہے۔ صقر 4 ڈرون طیارہ کاربن فائبرسے تیار کیا گیا ہے۔ اس کی لمبائی 2.3 میٹر اور فی گھنٹہ رفتار 120 کلو میٹر ہے۔ اڑان کے دوران طیارے کا اپنا وزن 5 کلو گرام ہے جب کہ یہ 25 کلو گرام تک کا وزن لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ صقر 4 طیارہ متعدد امور میں کام میں آ سکتا ہے۔ ان میں دن و رات کے اوقات میں تصاویر لینے کے علاوہ ریڈار ٹکنالوجی اور الکٹرونک جنگ کی ٹکنالوجی سے لیس کرنا بھی شامل ہے۔صقر4 طیارے کو زمینی اسٹیشن سے مکمل درستی اور اعلی پائے داری کے ساتھ کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔