اب گھپلے چلیں گے نہ اپنوں میں ریوڑیاں بانٹنے کا سلسلہ جار ی رہیگا : علیم خا ن

لاہور (خصوصی نامہ نگار)سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے لاہور کیٹل اینڈ مارکیٹنگ کمپنی کو نئے ٹاسک سونپتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ کمپنی کیلئے 2سے3سو ایکڑ نئی جگہ تلاش کرنے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں اور آئندہ 20 سال کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے کیٹل کمپنی کیلئے ترقی یافتہ ملکوں کے ماڈل اپنائے جائیں۔ سینئر وزیر نے کیٹل کمپنی کے بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ اب گھپلے اور مفت کام نہیں چلیں گے اور نہ ہی اپنوں میں ریوڑیاں بانٹنے کا سلسلہ جاری رکھا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ان کمپنیوں کے طریقہ کار پر عوام میں انتہائی تشویش پائی جاتی ہے اور موجودہ حکومت کا فرض ہے کہ اصلاحا ت متعارف کرائی جائیں یا ان کمپنیوں کو بند کر دیا جائے۔ سینئر وزیر نے کہا کہ کیٹل کمپنی میں جانوروں اور بیوپاریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں ملنی چاہئیں اور مویشیوں کو بہترین ماحول کی فراہمی کے علاوہ ویٹنری ڈاکٹرز کی موجودگی بھی یقینی بنانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر صحت افزا اور سہولتوں سے مزئین ماحول ہو توچھوٹے اور بڑے جانوروں پر انٹری اور ایگزٹ فیس لگائی جا سکتی ہے جس سے اس کمپنی کو مالی لحاظ سے استحکام حاصل ہو سکتا ہے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ کسی بھی کمپنی کو پنجاب حکومت پر بوجھ نہیں بننے دیا جائے گا۔ یہیں سے کرپشن کا سلسلہ شروع ہوتا ہے۔ انہوں نے سپیشل سیکرٹری بلدیات کو کیٹل کمپنی کیلئے نئی سفارشات تیار کرنے کی ہدایت کی تاکہ بڑے پیمانے پر اس میں تبدیلیاں لائی جا سکیں۔

ای پیپر دی نیشن