ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے  کیلئے جے ایس بینک اوروفاقی  حکومت میں شراکت داری

کراچی (کامرس رپورٹر) موسمیاتی تبدیلی اور اس کے اثرات سے نمٹنے کے لئے وفاقی حکومت کے اقدامات کو عملی جامہ پہنانے کے لئے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل، وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ اور جے ایس بینک نے پولی تھین شاپنگ بیگ کے متبادل کے طور پر شہریوں میں کپڑے کے تھیلے تقسیم کئے۔ کپڑے کے تھیلے تقسیم کرنے کا اقدام ڈی سی اسلام آباد حمزہ شفقات اور جے ایس ابینک کی برانچ لیس بینکنگ کے سربراہ نعمان اظہر نے اپنی اپنی ٹیموں کے ہمراہ اٹھایا۔ پلاسٹک کے بیگز پر پابندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے نعمان اظہر نے کہا کہ ایک ذمہ دار ادارے کی حیثیت سے جے ایس بینک ماحول کے تحفظ کے لئے پلاسٹک کے استعمال سے بچنے اور عام عوام کو متبادل آپشن مہیاء کرنے کے لئے شعور بیدار کرنے میں ایک قابل پیمانہ فرق پیدا کرنا چاہتا ہے۔ ڈی سی اسلام آباد حمزہ شفقات نے کہا کہ پاکستان میں عام آبادی کے لئے پلاسٹک بیگز کے استعمال کو ترک کرنا بہت مشکل ہے جو بڑھتے ہوئے فضلے کے مسائل میں اضافہ کر رہا ہے۔ جے ایس بینک کی جانب سے عوام میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے یہ اقدام ایک موثر راستہ ہے اور یہ ماحولیاتی آلودگی کے خلاف جنگ میں مددگار ہوگا۔ ایک عام پلاسٹک بیگ کو ضائع ہونے میں 400 سے 1000 سال کا عرصہ درکار ہوتا ہے اور پیدا ہونے والے پلاسٹک کا ہر ٹکڑا کسی نہ کسی صورت میں ہمارے ماحول میں موجود ہوتا ہے۔ گزشتہ 20 سالوں سے پلاسٹک کی مقدار میں ہر سال 10 فیصد اضافہ ہو رہا ہے اور اس کے باعث دنیا بھر میں تمام افراد کی فلاح و بہبود کو خطرات لاحق ہیں۔ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی جانب پرعزم رہتے ہوئے بینک کو امید ہے کہ وہ ہر فورم پر پائیدار ترقی کے ذریعے اثر پذیری کے اس سفر کو جاری رکھے گا۔ 

ای پیپر دی نیشن