آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے پاکستان کا حصہ بننے کی اپنی آزادی کی جدوجہد تیز کردی ہے۔پاکستان ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور وہ اپنی آزادی کی تحریک کیلئے گرانقدر قربانیاں دے رہے ہیں۔آزاد جموں وکشمیر کے صدر نے کہا کہ پاکستان مسلسل کشمیریوں کے نصب العین کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین، ترکی، ایران، ملائیشیا اور دنیا کے دوسرے ملک کشمیر کے مسئلے پر پاکستان کے موقف کی توثیق کررہے ہیں۔مسعود خان نے کہا کہ پاکستانی قیادت بھارت کے وزیراعظم نریندرمودی کا خوفناک فسطائی چہرہ عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی سیاستدان، سول سوسائٹی کے ارکان اور وہاں کے عوام بھی نریندرمودی کے مذموم عزائم کی مذمت کررہے ہیں۔مسعود خان نے کہا کہ عالمی برادری اور ذرائع ابلاغ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم پر تنقید کرتے ہوئے خاموشی توڑ دی ہے۔
مقبوضہ کشمیر کے عوام نے آزادی کی جدوجہد تیز کردی:سردار مسعود خان
Dec 29, 2019 | 10:16