عابد جان(آن لائن)دولت اسلامیہ گروپ نے برکینا فاسو میں ایک فوجی اڈے پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے جس میں سات فوجی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں ، یہ بات امریکی گروپ سائٹ نے کہی ہے جو انتہا پسند گروپوں کو مانیٹر کرتا ہے۔دولت اسلامیہ ویسٹ افریقہ پرونس (آئی ایس ڈبلیو اے پی) نے تاہم منگل کو ایک قریبی شہر البینڈا میں یکے بعد دیگرے ہونیوالے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے جس میں 31خواتین سمیت 33شہری ہلاک ہو گئے تھے ۔برکینا فاسو میں پانچ سالہ جہادی تشدد کے آغاز کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر 42ہلاکتیں سب سے زیادہ ہیں اور صدر روش مارک کرسٹیئن کبورے نے دو روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے ۔ایک سکیورٹی ذریعہ نے اے ایف پی کو بتایا کہ آئی ایس ڈبلیو اے پی کے خود کش ڈرائیور نے اپنی گاڑی کو بیس پر دھماکے سے اڑا دیا جس کے بعد 200سے زائد بھاری مسلح افراد جو ٹرکوں اور موٹرسائیکلوں پر آئے تھے ، کی جانب سے اس پر دھاوا بولا گیا۔