کراچی(اسٹا ف رپورٹر) جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہاکہ حکومت نیوائیر نائٹ کے پروگراموں پر پابندی عائد کرے ، غیر شرعی اور حیاباختہ کلچر کا فروغ نسل نو کی تباہی اور تعلیم سے دوری کا بڑا سبب ہے، سال کا آخری دن احتساب کا ہوتا ہے جشن کا نہیں ، نیو ائیر نائٹ منانا مغربی کلچر کے فروغ کا ذریعہ ہے، اجتناب ضروری ہے، ہماری نوجوان نسل کو اسلامی سال کا معلوم نہیں اور مغرب کی اندھی تقلید میں نئے سال کا جشن منانے کو برا نہیں سمجھتے ہیں ۔ گزشتہ روز جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میںمفتی محمد نعیم نے کہاکہ ہر سال کاآغاز بے حیائی اور طوفان بدتمیزی سے کیا جاتا ہے جس کے اثرات سال بھر پیچھا نہیں چھوڑتے اس لیے حکومت کو چاہیے کہ وہ نیو ائیر نائٹ کے پروگراموں پر پابندی عائد کرے ، انہوںنے کہاکہ نیوائیرنائٹ کا تصور1980سے پہلے یورپ تک محدود تھا 1992 میں کراچی کے ایک ہوٹل میں پہلی بار نیو ایئر نائٹ مناکر اس نئے سال کی آمد کا جشن منانے کے مغربی کلچر کو ملک میں لایا گیا۔