شدید سردی،ملک بھر میں بجلی اورگیس کا شارٹ فال بڑھ گیا

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)ملک بھر میںسردی کی شدت میں مزید اضافے کے بعد گیس اوربجلی کا شارٹ فال بڑھ گیا۔ وزارت توانائی کے مطابق بجلی کا شارٹ فال 3ہزارمیگا واٹ تک پہنچ گیا،سسٹم کو2ارب 48کروڑ کیوبک فٹ گیس کمی کا سامنا ہے،گیس کی مجموعی طلب 6 ارب 50کروڑ کیوبک فٹ ہے،گیس کی مقامی پیداوار میں 59کروڑ60لاکھ کیوبک فٹ کمی ہے جبکہ مقامی سطح پرگیس کی پیداوار4 ارب کے بجائے 3ارب 40کروڑکیوبک ہے، اس لیے پاورپلانٹس کو گیس کی فراہمی دوتہائی کم کردی گئی،پاورپلانٹس کو30 کروڑ کیوبک فٹ گیس کے بجائے 18کروڑکیوبک فٹ گیس فراہم کی جارہی ہے۔حکام کا مزید کہنا تھا کہ تربیلا ڈیم سے بجلی کی پیداوارصرف 200 میگا واٹ رہ گئی ہے اور تربیلا ڈیم میں بجلی پیدا کرنے والے 14یونٹ بندہیں جبکہ منگلا ڈیم سے بھی 200 میگاواٹ بجلی پیداہورہی ہے،پن بجلی کی مجموعی پیداوار700 میگاواٹ تک ہے،سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 2500میگا واٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں،نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 7800 میگاواٹ ہے، وزارت توانائی کے مطابق گیس نہ ہونے کے باعث بجلی کی طلب 14ہزار میگا واٹ ہو گئی جبکہ بجلی کی مجموعی پیداوار11ہزار میگا واٹ ہے،ملک بھرمیں 5 گھنٹے تک بجلی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن